صدر زرداری سب سے پہلے ایوان صدر کو غسلِ جمہوریت دیں گے، عرفان صدیقی

عارف علوی نے ایوان صدر کو بنی گالہ اور زمان پارک بنائے رکھا،سینیٹرمسلم لیگ(ن)کابیان

ہفتہ 9 مارچ 2024 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر آصف علی زرداری ایوان صدر جانے کے بعد سب سے پہلے اسے غسل جمہوریت دیں گے۔اپنے بیان میں عرفان صدیقی نے کہاکہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سابق صدر عارف علوی نے ساڑھے پانچ سال کے دوران جمہوری روایات اور آئینی تقاضوں کو بری طرح کچلا اور ایوان صدر کے تقدس کو پامال کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا کہ صدر فضل الہٰی چوہدری، صدر فاروق لغاری، صدر رفیق تارڑ،صدر ممنون حسین اور صدر آصف علی زرداری سب کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے تھا لیکن انہوں نے ایوان صدر کو جماعتی مفادات سے آلودہ نہیں کیا،مگر صدر علوی نے ایوان صدر کو بنی گالہ اور زمان پارک بنائے رکھا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ صدر زرداری جمہوری روایات کو مستحکم کریں گے اور ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کیلئے نہایت تعمیری کردار ادا کر یں گے۔