صلاح مشورے مکمل، مسلم لیگ ن نے وفاقی کابینہ کیلئے اپنے نام فائنل کرلیے

حکمران اتحاد میں شامل دیگر سیاسی جماعتیں بھی آج ہی کابینہ کے لیے اپنے نام فائنل کرلیں گی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مارچ 2024 15:57

صلاح مشورے مکمل، مسلم لیگ ن نے وفاقی کابینہ کیلئے اپنے نام فائنل کرلیے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مارچ 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے صلاح مشورے مکمل کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے وفاقی کابینہ کیلئے نام فائنل کرلیے، دیگر اتحادی جماعتیں بھی آج اپنے نام فائنل کرلیں گی، پہلے مرحلہ میں مختصر کابینہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسرے مرحلے میں مزید وزراء لئے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کیلئے جن ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے ان میں اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ کا قلمدان دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جلیل عباس جیلانی مشیر خارجہ، طارق فاطمی کو معاون خصوصی برائے خارجہ مقرر کیا جائے گا، اورنگزیب خان کو مشیر خزانہ اور شمشاد اختر کو معاون خصوصی برائے خزانہ بنا نے کا فیصلہ ہوا ہے۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو مشیر داخلہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، خواجہ آصف کو وزارت دفاع اور عطا اللہ تارڑ کو وز یر اطلاعات و نشریات مقرر کیا جائے گا، مصدق ملک کو وزارت توانائی کا قلمدان سونپنے کا فیصلہ ہوا ہے، احسن اقبال کو وزیر منصوبہ بندی و ترقیات بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، احد چیمہ مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ تعینات ہوں گے۔

(جاری ہے)

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کا حجم ساڑھے 7 ا رب روپے سے بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کرنے کی ہدایت کردی، وزیر اعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کا حجم بڑھانے کے علاوہ اس کا دائرہ کار بھی مزید وسیع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، جس کے تحت اب یوٹیلیٹی سٹورز اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ موبائل یونٹس بھی سستے داموں کھانے پینے کی اشیاء فراہم کریں گے، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ غریب، نادار اور مستحق افراد تک رمضان ریلیف پیکیج پہنچایا جائے۔