Live Updates

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے پی کے کی میٹنگ کا خلاصہ سیاست اپنی اپنی، ریاست سانجھی ہے

وزیراعلیٰ علی امین نے مطالبہ کیا کہ جن قیدیوں کیخلاف کوئی شواہد نہیں، انہیں انصاف فراہم کیا جائے، جس پر وزیراعظم نے مکمل انصاف کی یقینی دہانی کرائی، وفاقی وزیر احسن اقبال کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 مارچ 2024 19:03

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے پی کے کی میٹنگ کا خلاصہ سیاست اپنی اپنی، ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 مارچ 2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے پی کے کی میٹنگ کا خلاصہ سیاست اپنی اپنی، ریاست سانجھی ہے،وزیراعلیٰ علی امین نے مطالبہ کیا کہ جن قیدیوں کیخلاف کوئی شواہد نہیں، انہیں انصاف فراہم کیا جائے، جس پر وزیراعظم نے مکمل انصاف کی یقینی دہانی کرائی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پورکی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے بعد ن لیگی رہنماؤں احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین کی ملاقات کا خیرمقدم کرتا ہوں، وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے جو بھی واجبات ہیں وہ ادا کریں گے، وزارت خزانہ کو پابند کیا ہے کہ آئی ایم ایف مذاکرات کے بعد واجبات کا مسئلہ حل کیا جائے، اسی طرح وزیراعلیٰ کی شکایت پر وزیراعظم نے سحری اور افطاری میں بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی کہ عوام کو سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور خیبرپختونخواہ کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے تو مستقل طور پر وفاق کے ساتھ مل کر کام کرے ، وزیراعلیٰ علی امین ان قیدیوں کا بھی ذکر کیا کہ جن پر الزام کے کوئی شواہد نہیں، ان کو قانون کے مطابق انصاف ملنا چاہیئے، جس پر وزیراعظم یقینی بنائیں گے کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیئے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی میٹنگ کا خلاصہ سیاست اپنی اپنی لیکن ریاست سانجھی ہے۔

سیاست تو ہم کررہے ہیں لیکن ہم نے مل کر پاکستان کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنا ہے، پاکستان کی ترقی، امن واستحکام کیلئے شانہ بشانہ مل کر کام کرنا ہے۔اسی طرح وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے بعد ن لیگی رہنماؤں امیر مقام اور احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میری وزیراعظم سے پہلی ملاقات تھی، ظاہر اب ہماری حکومتیں قائم ہوچکی ہیں، اب ہمارے لیے عوام کے اور صوبے کے مسائل ان کو حل کرنا ہے ،عوامی مسائل پر بات چیت ہوئی ، وزیراعظم سے ملاقات انتہائی مثبت رہی، وزیراعظم نے ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، وفاق کے ذمے ہمارے واجبات جو ہیں ان سے متعلق بات ہوئی، وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کا پیسا آپ کا حق ہے وہ ہم ادا کریں گے ۔

علی امین نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ پاکستان کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہیں، ہم بھی کوئی ایسی ڈیمانڈ نہیں کریں گے جو پوری نہ ہوسکے۔ہمارے پاس عوام کا مینڈیٹ ہے، عوام ہم سے توقعات رکھتی ہے، ساری عوام اب ہماری ذمہ داری ہے، اس کیلئے ہمیں ڈلیور کرنا ہے، عوام اور صوبے کے مسائل حل کرنے ہیں، پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمارے صوبے کا جو بھی کردار ہوا ادا کریں گے ، پہلے بھی بجلی اور گیس کی پیداوار میں ہمارا صوبہ کافی حصہ ڈال رہا ہے، وزیراعظم نے جو وعدہ کیا ہے امید ہے وہ پورا کریں گے کوئی جھوٹ یا دھوکا نہیں ہوگا، وزیراعظم افسران کو بھی کہا کہ وہی ٹائم فریم دیں جس پر پورا اتر سکیں۔

آئی ایم ایف کو خط میں بانی پی ٹی آئی کا مئوقف یہ نہیں تھا کہ پاکستان کو قرضہ نہ دیا جائے، وزیراعظم کو کہا کہ سینیٹ الیکشن آرہے ہیں عمران خان سے سیاسی ملاقاتوں کی اجازت یقینی بنائی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات