الیکشن کمیشن نے این اے 151 ملتان میں مسترد ووٹوں کے حوالے سے دائر عذرداری کی سماعت 21مارچ تک ملتوی کردی

بدھ 13 مارچ 2024 23:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2024ء) الیکشن کمیشن نے این اے 151 ملتان میں مسترد ووٹوں کے حوالے سے دائر عذرداری کی سماعت 21مارچ تک ملتوی کردی ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اس موقع پردرخواست گزار مہربانو قریشی اور علی موسی گیلانی کے وکلا پیش ہوئے دوران سماعت علی موسی گیلانی کے وکیل نے کہاکہ میرے حلقے کے دو کیسز ہیں ابھی تک ایک درخواست ملی ہے انہوں نے کہاکہ آر او کے جواب کی کاپی فراہم کی جائے تاکہ اپنا جواب جمع کرا سکوں جس پر ممبر پنجاب نے کہاکہ جیتنے والے کو اتنا ہی جذباتی ہونا چاہیے انہوں نے کہاکہ آپ سانس لیں اور دوسرے وکیل کو بھی بولنے کا موقع دیںتاہم علی موسی گیلانی کے وکیل مسلسل بات کرتے رہے اس موقع پر مہر بانو قریشی کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ ہمارے حلقے میں جیت کا مارجن کم ہے جبکہ مسترد ووٹوں کی تعداد 16 ہزار سے زائد ہے جس پر علی گیلانی کے وکیل نے دخل اندازی کرتے ہوئے کہاکہ میرے جواب جمع کرانے کے بغیر یہ کیسے دلائل دے سکتے ہیں انہوںنے کہاکہ مجھے جواب جمع کرانے دیں، اگلی پیشی پر دلائل ہو جائیں گے اس موقع پر ممبر پنجاب نے علی گیلانی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پہلی دفعہ ہو رہا کہ آپ کیس چلنے نہیں دے رہے ہیں اور ہمیں بھی بولنے نہیں دے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ مخالف وکیل کے منہ پر بھی ہاتھ رکھ رہے جس پر وکیل علی گیلانی نے کہاکہ گلی پیشی پر جواب جمع کرا دوں گا، تب دلائل رکھ لیں جس پر کمیشن نے کیس کی سماعت 21 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے جواب کی کاپی مہربانو قریشی کے وکیل کو بھی دینے کی ہدایت کی۔

۔۔۔۔اعجاز خان