Live Updates

نواز شریف آئندہ ماہ سعودی عرب جائیں گے،لندن بھی جانے کا فیصلہ

سابق وزیراعظم عمرہ کی سعادت بھی حاصل کرینگے،دونوں صاحبزاد ے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ہمراہ جائیں گی،سعودی عرب سے لندن علاج کیلئے جائیں گے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 19 مارچ 2024 11:29

نواز شریف آئندہ ماہ سعودی عرب جائیں گے،لندن بھی جانے کا فیصلہ
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مارچ2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے رمضان المبارک کا آخری عشرہ سعودی عرب میں گزارنے کا فیصلہ کیا ہے،نواز شریف کے ہمراہ ان کے دونوں صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز سمیت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور خاندان کے قریبی افراد بھی سعودی عرب جائیں گے جہاں شریف فیملی کے افراد عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ روضہ رسول پر حاضری دیں گے اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں کریں گے۔

ن لیگی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم سعودی عرب میںعمرہ اور آخری عشرہ گزارنے کے بعد لند ن بھی جائیں گے جہاں وہ اپنی میڈیکل چیک اپ کروائیں گے اور کچھ دن لندن میں قیام کرنے کے بعد واپس پاکستان آجائیں گے ۔نواز شریف کے ہمراہ ان کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز بھی لندن جائیں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد واپس پاکستان آجائیں گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں تین اہم اجلاسوں کی صدارت کی تھی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت پرویز رشید ،مریم اورنگزیب ،عظمیٰ بخاری اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز ودیگر اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔نواز شریف نے وزرا اور عہدیداروں کو انفرااسٹرکچر کے مختلف منصوبوں بشمول زیر زمین ٹرین اور میٹرو بس، کسانوں کی فلاح و بہبود، طلبہ کیلئے الیکٹرک بائیکس اور رمضان ریلیف پیکج کے حوالے سے ہدایات جاری کیں تھیں۔

نواز شریف نے حکام کو ہدایات دی تھیں کہ وہ چھوٹے کسانوں کی مددکیلئے اقدامات کریں اور انہیں ٹیوب ویل چلانے کیلئے سولر پینل فراہم کرکے بجلی کے مہنگے نرخوں سے بچائیں۔دوسرے اجلاس میں نواز شریف نے رمضان ریلیف پروگرام کو کامیابی سے شروع کرنے پر اپنی بیٹی مریم نواز کی حکومت کی تعریف کی تھی جبکہ تیسرے اجلاس میں 3 شہروں میں شہری انتظامیہ کے مراکز قائم کرنے اور انہیں قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کے اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔ نواز شریف نے طلبہ کو کم ماہانہ اقساط پر فراہم کی جانے والی الیکٹرک بائیکس کی تعداد میں اضافے کی ہدایت دی، انہوں نے متعلقہ عہدیدار کو بس کے کرایوں میں کمی کرنے کی بھی ہدایت دی تھی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات