Live Updates

حسن اور حسین نواز فلیگ شپ،ایون فیلڈاور العزیز ریفرنسز سے بری

احتساب عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے حسن اور حسین نواز کی تینوں مقدمات میں بریت کی درخواستوں کو منظور کر لیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 19 مارچ 2024 15:42

حسن اور حسین نواز فلیگ شپ،ایون فیلڈاور العزیز ریفرنسز سے بری
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مارچ2024 ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فلیگ شپ ،ایون فیلڈ اور العزیز ریفرنسز میں فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کوبری کر دیا ۔احتساب عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے حسن اور حسین نواز کی تینوں مقدمات میں بریت کی درخواستوں کو منظور کر لیا۔قبل ازیں آج اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریفرنسز میں بریت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

حسن اور حسین نواز کی جانب سے قاضی مصباح الحسن ایڈووکیٹ کے علاوہ ان کے پلیڈر رانا محمد عرفان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔وکیل صفائی قاضی مصباح اور نیب پراسیکیوٹرز نے دلائل دئیے۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ بریت کی درخواست پر آپ کی رپورٹ آنی تھی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول نے بتایا کہ اس کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ رکاوٹ نہیں، عدالت اس کیس کا فیصلہ کرسکتی ہے۔

حسن اور حسین نوازکے کیسز میں مرکزی ملزمان بری ہوچکے ہیں اور مریم نوازکی بریت کےخلاف ہم نے اپیل دائرنہیں کی تھی۔عدالت نے ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول سے مکالمہ کیا کہ ہم آپ کا بیان ریکارڈ کرلیتے ہیں۔ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول نے عدالت کو بتایا کہ آپ میرا بیان ریکارڈ کرلیں، یہ کیس نیب ترامیم سے متعلق نہیں ہے، اس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر کی حد تک فیصلہ بھی کر چکی ہے۔

اظہر مقبول نے موقف اپنایا کہ مریم نواز کی بریت کے خلاف ہم نے اپیل دائر نہیں کی تھی، حسن، حسین نواز پر سازش اور معاونت کا الزام ہے۔سماعت کے دوران وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں کہا کہ حسن اور حسین نواز کےخلاف کیس چلانا عدالتی وقت ضائع کرنا ہوگا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز اور نواز شریف کوکیس سے بری کردیا تھا۔بعدازاں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول اور وکیل صفائی کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیاتھا جوسماعت میں وقفہ کے بعد عدالت نے سناتے ہوئے حسن اور حسین نواز کو تینوں ریفرنسز میں بری کر دیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات