غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کا ذمہ داری براہ راست امریکہ ہے غزہ پر جارحیت فوری طور پر بند کرکے اسرائیلی قابض فوج کو کو باہر نکالا جائے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

اتوار 24 مارچ 2024 19:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کا ذمہ داری براہ راست امریکہ ہے غزہ پر جارحیت فوری طور پر بند کرکے اسرائیلی قابض فوج کو کو باہر نکالا جائے اور جنگ سے متاثرین کیلئے خوراک،ادویات سمیت دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، حکومت پاکستان رمضان المبارک کا آخری جمعہ ’’جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کرے ۔

یہ بات جماعت اسلامی کے صوبائی امیرمولانا عبدالحق ہاشمی،فلسطین فائونڈیشن بلوچستان کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی،جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے صوبائی امیر مولانا عبدالقادر لونی ،خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر ابوالحسن میری ،پی ٹی آ؁ی کے صوبائی رہنما عالم کاکڑ،سابق سینیٹر مہیم خان بلوچ ، نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی احمد لانگو، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی ، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی ،ارباب لیاقت علی ہزارہ اوردیگر نے فسلطین فاونڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی و مذہبی جماعتیں مسلمان ممالک سے مطالبہ کرتی ہیں کہ غاصب صہیونی حکومت اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں اسرائیل کو تیل ، گیس ،کھانے پینے اور دیگر اشیاء کی ترسیل روک دیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں حماس جہاد اسلامی ، حزب اللہ ، انصار اللہ یمن عراقی اور یمنی مجاہدین کی مکمل اور بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہیں مسئلہ فلسطین پر حکومت کی مسلسل خاموشی سوالیہ نشان ہے حکومت پاکستان غزہ میں جارحیت کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات اٹھائے فلسطینی عوام کی مدد کیلئے امدادی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی کاز سے متعلق بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی پالیسی سنہرے اصولوں میں سے ہے اسرائیل کو ایک ناجائز ریاست قرار دیا ہے اور کبھی تسلیم نہ کرنے کا واضح اعلان کیا ہم اس پالیسی کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطین کا فیصلہ فلسطینی عوام کی امنگوں یعنی ریفرنڈم کے ذریعہ یقینی بنانے کی حمایت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیںپاکستان میں ایسی تمام مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہیں جن کا فائدہ براہ راست یا بلاواسطہ غاصب صہیونی حکومت تک پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی یہودی آباد کاری جعلی ہے ہمارے حکمران امریکی سفیر سے ڈرتے ہیں مائوں اور بچوں کی قربانیوں سے لازوال تارریخ رقم ہورہی ہے فلسطین کی آزادی کو اب کوئی طاقت نہیں روک سکتی استعماری قوتیں پسپاہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کا ذمہ دار امریکہ ہے غزہ پر فی الفور جارحیت بند کی جائے غزہ میں جارحیت کے خاتمہ کے ساتھ غزہ سے تمام اسرائیلی قابض فوجی باہر نکل جائیںہنگامی بنیادوں پر خوراک اور ادویات سمیت ضروریات زندگی کی اشیاء کی امداد کی فراہمی یقینی بنائے جائے اور مستقل جنگ بندی کی جائے رمضان المبارک کا آخری جمعہ جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس منایا جاتا ہے اس سال غزہ کے ساتھ یکجہتی کے لئے حکومت پاکستان جمعتہ الوداع کو سرکاری سطح پر عالمی یوم القدس منانے کا اعلان کرے۔