حریت رہنمائوں کا جلیل اندرابی کو خراج عقیدت

بدھ 27 مارچ 2024 16:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے انسانی حقوق کے علمبرداراور معروف قانون دان جلیل اندرابی کو ان کے 28ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جلیل اندرابی کو میجر اوتار سنگھ کی قیادت میں بھارتی فوجیوں نے 8مارچ 1996کو گرفتار کیا تھا اور تین ہفتے بعد 27 مارچ کو ان کی لاش سرینگر کے علاقے پادشاہی باغ کے قریب دریائے جہلم سے برآمد ہوئی تھی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس اور کشمیر بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں جلیل اندرابی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہیداندرابی کو بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے اور 1994میں جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سالانہ کنونشن میں شرکت پر نشانہ بنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ جلیل اندرابی کے قتل کی مکمل تحقیقات کرے اور مجرموں کو کیفر کردارتک پہنچائے۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے ایک بیان میں اشفاق مجید وانی، ڈاکٹر عبدالاحد گورو، جلیل اندرابی ایڈووکیٹ اور شبیراحمد صدیقی اور بشارت رضا سمیت شہدائے حضرت بل کو ان کی برسیوں پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ لبریشن فرنٹ نے شہدا کو تحریک آزادی کشمیرکا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔