اسلام آباد میں کشمیر فلسطین یکجہتی کانفرنس کا انعقاد

پیر 1 اپریل 2024 14:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2024ء) کشمیر فلسطین یکجہتی فورم کے چیئرمین اور جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے سابق رہنما عبدالرشید ترابی نے اسلام آباد میں کشمیر فلسطین یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فلسطینی رہنما ڈاکٹر خالد قدومی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل نے غزہ کا 70 فیصد حصہ بمباری سے تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ40ہزار فلسطینی شہید اور 76ہزار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجی فلسطینی ڈاکٹروں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور انہیں گرفتار کر کے شہید کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر قدومی نے کہا کہ جنگ میں امریکہ کے جدید ہتھیار استعمال ہو رہے ہیں، 22 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہیں، رفح کراسنگ پر روزانہ 1000ٹرکوں کی ضرورت ہے اور 40ٹرکوں کو وہاں سے گزرنے دیا جا رہا ہے جو ناکافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل بھوک کو فلسطینیوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ قبلہ اول کی آزادی کے لیے جدوجہد کریں۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی پوری امت کی بقا ء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک غزہ میں امن کے قیام کے لیے فوج بھیجیں، اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں عبدالرشید ترابی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہم سب کو اکٹھا کیا۔جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ کشمیری اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور فلسطین کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ کشمیر فلسطین یکجہتی کانفرنس سے آصف لقمان قاضی، غلام محمد صفی، شیخ عبدالمتین، راجہ خالد، جاوید عارف عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔