Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس،چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید مذمت

سی پیک پراجیکٹ پر کام کرنیوالے چینی ماہرین اورترقیاتی پراجیکٹ پر کا م کرنیوالے چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی پالیسی پر موثرعمل درآمد پر اتفاق چینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ، دہشتگرد ی ، سمگلنگ روکنے کیلئے 24/7 صوبائی سرحدوں پر چیک پوسٹ بنانے کا فیصلہ دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے ہم سب ایک پیج پر ہیں،امن وامان کیلئے تمام شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا‘ مریم نواز نیشنل ایکشن پلان کو اپ گریڈ کرنا ہے اور موجودہ لوپ ہولز ختم کرنے ہیں،مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ بہت بڑا چیلنج ہے سیاستدان کی حیثیت سے برے حالات اور مشکلات سے گزرتے ہوئے بھی کبھی 9 مئی جیسے واقعہ کا خیال تک نہیں آیا سیاسی فاشزم بھی دہشتگرد ی کی شکل اختیار کر رہا ہے،ٹی ٹی پی جو نہ کرسکی وہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے کر دکھایا سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی برین واش کرنے کا سدباب ناگزیر ہے،سوشل میڈیا پر ملک وقوم کے مفادات کے تحفظ کے لیے بل جلد پیش کیا جائیگا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اشتراک کار اور تعاون جاری رکھا جائیگا،دہشتگردی کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں‘کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا

جمعہ 5 اپریل 2024 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں بشام واقعہ میں چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں ترقیاتی پراجیکٹ پر کا م کرنے والوں چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی پالیسی پر موثر عملدرآمد پر اتفاق ہوااورپنجاب میں چینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیاگیا۔

اجلاس میں سی پیک پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ماہرین کے تحفظ کے لئے فول پروف سیکورٹی پر بھی اتفاق ہوا اورجمعتہ الوداع کے حوالے سے ملک وقوم کی سلامتی اورامن و ترقی کے لئے دعاکی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے ہم سب ایک پیج پر ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی پیچیدہ وار فیئر کی شکل اختیار کر رہی ہے۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان آرمی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے کردار کو سراہتی ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ امن وامان کے لئے تمام شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ملک وقوم کے تحفظ و سلامتی کے لئے کوشاں ہر فرد کو سلام پیش کرتی ہوں۔ شہداء کے بہادر اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوںنے کہاکہ اے پی ایس سانحے کے بعد تشکیل پانے وا لے نیشنل ایکشن پلان کی افادیت کو دنیا نے تسلیم کی۔نیشنل ایکشن پلان کو اپ گریڈ کرنا ہے اور موجودہ لوپ ہولز ختم کرنے ہیں۔مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سیاسی فاشزم بھی دہشتگرد ی کی شکل اختیار کر رہا ہے۔9 مئی کو سیاسی دہشت گردی کے نتائج کو دنیا بھر نے دیکھا۔

ٹی ٹی پی جو نہ کرسکی وہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے کر دکھایا۔سیاستدان کی حیثیت سے برے حالات اور مشکلات سے گزرتے ہوئے بھی کبھی 9 مئی جیسے واقعہ کا خیال تک نہیں آیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی بات آتی ہے تو ہر چیز پس منظر میں چلی جاتی ہے۔ 9 مئی کی وجہ سے پیدا شدہ غیر یقینی اور عدم استحکام کی وجہ سے سرمایہ کار ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ معیشت کی بحالی اور قومی خوشحالی کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ لازمی تقاضا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دہشت گرد ی اور سمگلنگ روکنے کے لئے 24/7 صوبائی سرحدوں پر چیک پوسٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔دہشت گردوں اور سمگلروں کے لئے راستے کھلے نہیں رکھ سکتے۔سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی برین واش کرنے کا سدباب ناگزیر ہے۔ سوشل میڈیا پر ملک وقوم کے مفادات کے تحفظ کے لیے بل جلد پیش کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ عورتوں اور بچوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے لئے سپیشل سپیڈی ٹرائل کورٹ بنا رہے ہیں ۔

سیکیورٹی فورسز کو جدید ٹیکنالوجی، اے آئی کے استعمال، بہترین ٹریننگ، جدید اسلحے اور انٹیلی جنس نظام کو مزید اپ گریڈ کریں۔ دہشت گردی کے سدباب کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اشتراک کار اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔پنجاب میں دہشت گردی کے سدباب کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

سی ٹی ڈی اور دیگر ادارے ملکر قابل تحسین کام کررہے ہیں۔ پنجاب کو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا چیلنچ بھی درپیش ہے۔میٹنگ میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا اور دیگر اعلی عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات