دفتر خارجہ بھارتی وزیر کے زہر آلود اعتراف کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھائے، راجہ پرویز اشرف

پاکستان کی مسلح افواج بھارتی ابھی نندنوں کو سبق سکھانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں، صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب

اتوار 7 اپریل 2024 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2024ء) سابق سپیکر اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں پاکستان دشمنی کی بنیاد پر انتخابی مہم چلائی جاتی ہے، بھارتی وزیر داخلہ کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے خطے کی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا،بھارتی وزیر دفاع راج ناتھن کے پاکستان میں دہشتگردی کے اعترافی بیان پر اپنے رد عمل میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ راج ناتھ کا اشتعال انگیز بیان بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا بین ثبوت ہے کہ بی جے پی کی مودی حکومت آئندہ الیکشن میں بد ترین شکست کے خوف میں مبتلا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت بھارتی وزیر دفاع کے اعترافی بیان پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے۔راجہ پرویز اشرف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی ابھی نندنوں کو سبق سکھانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔پاکستانی دفتر خارجہ بھارتی وزیر کے زہر آلود اعتراف کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھائے۔