ضیاء الحق کیساتھ 8 سال کام کیا، اڈیالہ جیل میں 6 سال قید، گیلانی کے بارے میں چیدہ چیدہ نکات

منگل 9 اپریل 2024 20:14

ضیاء الحق کیساتھ 8 سال کام کیا، اڈیالہ جیل میں 6 سال قید، گیلانی کے بارے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) نومنتخب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی 9 جون 1952ء کو ملتان میں پیدا ہوئے، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 1983ء میں ممبر ضلع کونسل ملتان منتخب ہو کر اپنی عملی سیاست کا آغاز کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے 1978ء میں پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور 8 سال تک جنرل ضیاء الحق کے ساتھ کام کیا وہ وزیرِ اعظم محمد خان جونیجو کی کابینہ میں وزیر بھی رہے۔

یوسف رضا گیلانی نے 1988ء میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی، ممبر پارلیمنٹ بن کر بینظیر بھٹو شہید کی کابینہ میں وزیر بھی رہے جبکہ 1993ء میں پاکستان پیپلز پارٹی کی دوبارہ حکومت منتخب ہونے پر یوسف رضا گیلانی اسپیکر قومی اسمبلی بنے۔

(جاری ہے)

جنرل پرویز مشرف نے 2001ء میں کرپشن اور بطور اسپیکر اختیارات سے تجاوز کر کے نوکریاں دینے کے الزام میں گرفتار کرا لیا، یوسف رضا گیلانی 6 سال تک اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید رہے۔

2008ء میں بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد وزیرِ اعظم کا عہدہ سنبھالا جبکہ 2012ء میں مدت مکمل کرنے سے پہلے ہی سپریم کورٹ نے پانچ سال کے لیے نااہلی کی سزا سنا دی۔یوسف رضا گیلانی 5 سال تک پارلیمانی سیاست سے دور رہے، 2021ء میں وہ سینیٹر منتخب ہوئے جبکہ 2024ء کے قومی انتخابات میں ملتان سے ایم این اے منتخب ہوئے اور ایم این اے منتخب ہونے کے بعد سینیٹر شپ سے استعفیٰ دے دیا اور بطور ممبر پارلیمنٹ حلف اٹھایا۔ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں دوبارہ سینیٹر منتخب ہو کر ممبر پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے دیا۔