آصفہ بھٹو زرداری کی کامیابی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج

اغواء کرنے کے بعد زبردستی کاغذات نامزدگی مسترد کرائے گئے۔ پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار مصطفیٰ رند کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 اپریل 2024 12:15

آصفہ بھٹو زرداری کی کامیابی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کی نو منتخب رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری کی کامیابی کو چیلنج کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نواب شاہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے پیپلزپارٹی کی بلامقابلہ منتخب ہونے والی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری کی کامیابی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کی گئی ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار مصطفیٰ رند عدالت پہنچے جہاں انہوں نے درخواست دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن، آصفہ بھٹو زرداری اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، تحریک انصاف کے امیدوار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مجھے اغواء کیا گیا جس کے بعد زبردستی میرے کاغذات نامزدگی مسترد کرائے گئے۔

بتایا جارہا ہے صدر مملکت آصف علی زرداری اور بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ حلقہ این اے207 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی ہیں، مذکورہ نشست کیلئے آصفہ بھٹو سمیت 11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، 7 آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے جب کہ باقی 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے جس کے بعد آصفہ بھٹو زرداری این اے 207 سے بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔

(جاری ہے)

آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 207 سے بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کرنے پر شکرگزار ہوں، میں عہد کرتی ہوں کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اپنے تمام حلقوں کی پوری لگن اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ خدمت کروں گی، حلقہ این اے 207 سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے لیکر حتمی نتائج سامنے آنے تک اپنے حلقے کے عوام، پیپلز پارٹی کے کارکنان، جیالوں، میڈیا وکرز اور پریس کی موجودگی اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔

آصفہ بھٹوزرداری کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر وزیرداخلہ ضیاالحسن لنجار نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آصفہ بھٹوزرداری کا پارلیمانی سیاست کا آغاز جیالوں کےلئے باعث خوشی ہے، بے نظیر بھٹو کی رواداری، آصف زرداری کی بہادری آصفہ بھٹوکی شخصیت کا خاصہ ہے۔ یاد رہے کہ یہ نشست صدر مملکت آصف علی زرداری کے صدر بننے سے خالی ہوئی تھی جس پر پیپلزپارٹی نے آصفہ بھٹو زرداری کو نامزد کیا تھا، آصفہ بھٹو زرداری نے عام انتخابات میں اپنے بھائی بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی مہم میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا وہ شہر شہر ریلیوں اور جلسوں سے خطاب کے علاوہ کارکنوں سے ملاقاتیں بھی کرتی رہیں۔