Live Updates

ن لیگ اور خدمت کا پرانا ساتھ ہے ، ریکارڈ مدت میں ائیر ایمبولینس،چار روپے سستی روٹی جیسے اقدامات کئے ،عظمی بخاری

پیر 15 اپریل 2024 17:09

ن لیگ اور خدمت کا پرانا ساتھ ہے ، ریکارڈ مدت میں  ائیر ایمبولینس،چار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ن لیگ اور خدمت کا پرانا ساتھ ہے ،ایٹمی دھماکے ، سی پیک ہو یا لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے اقدامات ہوں، ن لیگ نے ہی کئے۔ پیر کو ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیرعظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کو بہترین ایڈمنسٹریٹر مانا جاتا ہے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو ڈیڑھ ماہ ہوا وزارت اعلی سنبھالے ہوئے وہ اپنے بڑوں کو پیچھے چھوڑ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ تھوڑے سے وقت میں بہت کام کررہے ہیں،وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے روٹی کی قیمت میں چار روپے اور نان کی قیمت میں دس روپے کمی کر دی ،دو ہزار چار سے ائیر ایمبولینس کے حوالے سے باتیں چل رہی ہیں لیکن وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ڈیڑھ ماہ میں یہ لے آئیں، ریسکیو اہلکار ائیر ایمبولینس کی ٹریننگ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چھوٹا جہاز کہیں بھی اتر جائے گا، اسے بڑا رن وے نہیں چاہئیے، ایک ہوائی جہاز اور دو ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو کا حصہ ہیں،ائیر ایمبولینس کی تمام تر سہولت عام آدمی کیلئے مفت ہوگی، اس پر کسی کا کوئی پیسہ نہیں خرچ ہوگا ، تین مختلف جگہوں پر ائیر ایمبولینس کو کھڑا کیا جائے گا۔

گندم کی قیمت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ 35 روپے آٹا نوازشریف کے دور میں تھا ،سستی روٹی وزیراعظم محمد شہبازشریف کا منصوبہ تھا ،اب 20 کلو آٹے کے تھیلے میں پانچ سو روپے کی کمی ہوگی تو روٹی یا نان والے کو بھی فائدہ پہنچنا چاہئیے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ روٹی چار روپے سستی کرنے پر تحقیق ہوئی ہے، اس معاملہ پر انتظامیہ حرکت میں ہے، جو حکم ہوا اسے لاگو کرنا پڑے گا ، پورے ہوم ورک سے روٹی کی قیمت کم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے بہت جلد کے پی کے لوگ گریبان پکڑ کر پوچھیں گے کہ نہ پل دئیے نہ بہتر صحت سہولیات دے سکے، یہاں روٹی سستی کیوں نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کے پی کے لوگوں کو صحت اور ائیر ایمبولینس جیسی سہولیات دیں ۔انہوں نے کہا کہ 64 لاکھ خاندانوں کو ان کی دہلیز پر راشن دیا جو وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ترجیحات ہیں،ریکارڈ مدت میں ائیر ایمبولینس اور چار روپے سستی روٹی جیسے اقدامات کئے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب پاکستان کی بیٹی ہیں جہاں بھی ائیر ایمبولینس کی ضرورت پڑی تو پنجاب بڑے بھائی کا حق ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کسان اتحاد کے نمائندوں کو آن بورڈ لیا جا رہا ہے، سپورٹ پرائس پر بہت وقت لگا ہے ،گندم کی سپورٹ پرائس پر کسان کارڈ سے سالانہ تین لاکھ روپے ملیں گے جس سے وہ ادویات کھاد و بیج خریدے گا،جو آلات دنیا میں زراعت میں استعمال ہو رہے ہیں وہ آلات پاکستان میں لا رہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت لوگوں کو صحت کارڈ نہیں ملنا چاہئیے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات