بھارتی پارلیمانی انتخابات سے قبل سینکڑوں کشمیری نوجوان گرفتار کئے گئے، محبوبہ مفتی

بدھ 17 اپریل 2024 18:19

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتاپارٹی کی ہندو توا بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری اوچھے ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی پارلیمانی انتخابات سے قبل سیکڑوں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر کے انکے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے شوپیاں کے علاقے زین پورہ میں ذرایع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں گھٹن کا ماحول ہے، کوئی آزادانہ سانس نہیں لے سکتا اور اظہار رائے کی آزادی کا حق بھی سلب کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز اہلکاروں نے انتخابات سے قبل نوجوانوں کی بے دریغ گرفتاری شروع کر دی ہے، بھارتی حکام ایک طرف مقبوضہ علاقے میں حالات ٹھیک ہونے کا دعوی ٰ کر رہے ہیں جبکہ نوجوانوںکی بڑے پیمانے پر گرفتاری اس دعوے کی نفی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرکو جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں کسی کو بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔