آزاد کشمیر کے مستحقین زکوٰة کو جدید نظام کے تحت ایس پیسہ کے ذریعے ادائیگی کیلئے محکمہ عشر و زکوة اور ایس سی او میں معاہدہ طے پا گیا

بدھ 17 اپریل 2024 21:21

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) آزاد کشمیر کے غریب مفلوک الحال نادار مستحقین زکوة کو جدید نظام کے تحت ایس پیسہ کے ذریعے ادائیگی کے لیے محکمہ عشر و زکوة اور( ایس سی او )کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔سیکٹر ہیڈ کوارٹر مظفراباد میں منعقد ہونے والی ایک پر وقار تقریب میں سیکٹر کمانڈر ایس سی او آزاد کشمیر کرنل محمد رشید خان چیف ایڈمنسٹر عشر و زکوة چوہدری عبدالرزاق اور دیگر نے شرکت کی سیکٹر کمانڈر ایس سی او آزاد کشمیر نے بعد ازاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر ایک مشکل ترین اور دشوار گزار علاقوں پر مشتمل خطہ ہے۔

وادی نیلم حویلی اور لیپہ ایسے دشوار گزار علاقے ہیں جہاں کے لوگوں کو سخت موسمی حالات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

ایس سی او ان علاقوں میں ٹیلی مواصلات کی سروسز کامیابی کے ساتھ فراہم کر رہا ہے اور گزشتہ عرصہ میں ایس پیسہ کے ذریعے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اربوں روپے کامیابی سے مستحقین تک پہنچا یا جاچکا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ایس پیسہ کے ذریعے زکوٰة فنڈ کو ترجیحی بنیادوں پر غریب نادار اور مستحق لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اس نظام کو کامیابی کے ساتھ آزاد کشمیر بھر میں متعارف کروایا جائے گا ۔ چیف ایڈمنسٹریٹر عشر و زکوة چوہدری محمد رزاق نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ضلع نیلم اور حویلی کے علاقہ جات میں چونکہ بنیادی سہولیات موجود نہ تھی اور مستحقین زکوة کو سفری خرچہ کر کے بینکوں تک آنا پڑتا تھا ۔علاوہ ازیں محکمہ کو شفاف اور بروقت امداد کی ادائیگی کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانا بھی مقصود تھا۔

لہذٰا حکومتی منظوری کی روشنی میں ایس سی او سے معاہدہ کرتے ہوئے مستحقین کے ذاتی اکاؤنٹ میں اندر سات یوم بذریعہ ایس نیٹ اور ایس پیسہ سے اپنے ہی گاؤں میں امداد حاصل کر سکیں گے اور ائندہ سے اس نظام کو مزید بہتری کے لیے نادرا کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے باقی ماندہ علاقوں میں بھی یہی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا تاکہ غرباء اور مفلوک الحال لوگوں کو شفافیت کے ساتھ امداد دی جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ازاد کشمیر میں غربت زیادہ ہے وزیراعظم ازاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی خواہش ہے کہ موجودہ حکومت ریاست کے غریب بے کس اور بے سہارا لوگوں کو سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچائے اور محکمہ زکوة جدید طریقہ کار کے ساتھ نظام میں بہتری لائے آزاد کشمیر میں محکمہ زکوة جہاں غربا مساکین کو ان کے ذاتی اکاؤنٹس کے ذریعے ادائیگی عمل میں لاتا ہے وہاں ضلع نیلم اور ضلع حویلی کے متعدد علاقوں میں بینک یا ان کی برانچز موجود نہیں ہیں جبکہ نقد ادائیگی کی وجہ سے بہت ساری پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور شفاف نظام کے تحت ان کی دہلیز پر مالی امداد نہیں دی جا سکتی جو کہ حکومت کی خواہش تھی آج کے اس معاہدہ کے بعد ہم اس بات پر یقین کر سکتے ہیں کہ نہ صرف یہ کہ مستحقین کو بہت سی تکلیفوں سے نجات ملے گی بلکہ شفافیت کا نظام بھی بہتر ہو سکے گا چیف ایڈمنسٹریٹر عشر و زکوة نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے ساتھ ساتھ وزیر زکوة و عشر اور سیکرٹری زکوة کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس معاملہ میں گہری دلچسپی لی انہوں نے خاص طور پر ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ کو خراج تحسین پیش کیا جو آزاد کشمیر میں ٹیلی مواصلات کے ساتھ ساتھ دیگر شعبہ ہائے زندگی میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کے لیے مصروف عمل ہیں۔