Live Updates

سندھ ہائیکورٹ کا اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سمیت دیگر رہنماﺅں کی سیکورٹی یقینی بنانے کا حکم

وفاقی حکومت جیل کی سیکیورٹی کا مسلسل جائزہ لیتی رہی ہے، اگر ضروری ہو تو متعلقہ حکام جیل کے اندر اور باہر سیکیورٹی بڑھائیں، درخواست گزار کو اگر مزید خدشات ہیں تو متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتا ہے،عدالت

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 اپریل 2024 15:08

سندھ ہائیکورٹ کا اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سمیت دیگر رہنماﺅں کی ..
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل2024 ء) سندھ ہائیکورٹ کا راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سمیت دیگر رہنماﺅں کی سیکورٹی یقینی بنانے کا حکم،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے دائر درخواست کی سماعت کی ، وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا۔عدالت نے وفاقی وزارتِ داخلہ کے جواب کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بھی بنا لیا۔

عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت جیل کی سیکیورٹی کا مسلسل جائزہ لیتی رہی ہے، اگر ضروری ہو تو متعلقہ حکام جیل کے اندر اور باہر سیکیورٹی بڑھائیں، درخواست گزار کو اگر مزید خدشات ہیں تو متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتا ہے، جواب میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔

عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت ایسے جان نہیں چھڑا سکتی، باہر سے حملے کا خطرہ ہے تو وفاق ہی یہ معاملہ دیکھے گا، ہم نے معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو خطرات کے پیشِ نظر انتظامات کا کہا ہے۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ کی لیگل ٹیم کو چاہیے کہ صحیح جگہ جا کر درخواست دائر کریں، آپ لوگ یہاں کہہ کر چلے جاتے ہیں پھر باتیں ہوتی ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیا جا رہا ہے، ہمیں قانون کے مطابق معاملات کو دیکھنا ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی ہوں یا نواز شریف، کل کو آپ کہہ دیں گے کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ سے یہاں منتقل کیا جائے۔

عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف کو سیکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق درخواست نمٹا دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات