صدر مملکت کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی صورتحال کا خصوصی طور پر ذکر

جمعرات 18 اپریل 2024 20:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ سولہویں قومی اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی صورتحال کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔

صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کشمیری مسلمانوں کو اپنے ہی وطن میں اقلیت میں بدلنے کی بھارتی حکمت عملی کا حصہ ہے، پاکستان بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتا ہے ، بھارت 5 اگست 2019 اور اس کے بعد لیے گئے تمام غیر قانونی اقدامات واپس لے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کلید ہے۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں فلسطین کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بے گناہ فلسطینیوں کے قتل ، اسرائیلی فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر نسل کشی پر گہری تشویش ہے، پاکستان قابض اسرائیلی افواج کی کھلے عام بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے۔\932