ٹیوٹا اور نیوٹیک کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

حکومت پاکستان کے تعاون سے ٹیوٹا کیساتھ 1500افراد کو جدید ترین ٹریڈز میں فنی تربیت فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کیا جائیگا

جمعرات 18 اپریل 2024 20:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) آزادجموں و کشمیر کے ادارے ٹیوٹا اور وفاقی ادارے نیوٹیک کے درمیان جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ایگزیگٹو ڈائریکٹر نیوٹیک عامر جان اور چیئرمین ٹیوٹا چوہدری فرید احمد نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔تقریب میں وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوارالحق،موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور،وزیر ٹیوٹا سردار عامر الطاف،چیف سیکرٹری آزادکشمیر داؤد محمد بڑیچ، چیئرمین نیوٹیک محترمہ گلمینہ بلال،ڈائریکٹر جنرل پلاننگ نیوٹیک معین حسن کھوکھر،ڈائریکٹر جنرل ایڈمن نیوٹیک حفیظ عباسی،ڈائریکٹر نیوٹیک سیدہ آمنہ گیلانی،سیکرٹری ٹیوٹا سید مسعود بخاری،ڈائریکٹر پراجیکٹ انعم آصف عباسی،انچارج پلاننگ احسان دانش،پروگرام آفیسر فیصل رشید نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مفاہمت کی یاداشت کی روشنی میں حکومت پاکستان کے تعاون سے ٹیوٹا کے ساتھ پندرہ سو افراد کو جدید ترین ٹریڈز میں فنی تربیت فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ تربیت مکمل ہونے پر یہ افراد نہ صرف باعزت روزگار حاصل کرنے کے قابل ہوں گے بلکہ بیرون ملک سے قیمتی زرمبادلہ بھی لائیں گے۔تربیت پر اٹھنے والے اخراجات بشمول تربیتی فیس، رھائش اور میس،حکومت برداشت کرے گی۔

منتخب امیدوارروں کو ملک کے بہترین ادارہ جات میں تربیت دی جائے گی،خواتین کے لئے تیس فیصد کوٹہ مختص ہوگا۔ کم آمدنی والے خاندانوں کے افراد، دیہات میں رہائش پذیر افراد اور مدارس کے طلبہ کے لئے اعلیٰ ٹیکنالوجیز میں مکمل مفت تربیت اور روزگار حاصل کرنے کا موقع دستیاب ہو گا۔تربیتی عمل پانچ مراحل میں مکمل ہو گا ایک مرحلے میں تین سو نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی۔

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر مفاہمت کی یاداشت کو خوش آئند قرار دیتے ہوے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ باصلاحیت، پر عزم اور محنت کرنیکا جذبہ رکھنے والے جوان سامنے آئیں اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے نیوٹیک کے اعلی حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے آزادکشمیر کے نوجوانوں کو سکل ڈویلپمنٹ کا نادر موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کا موقع ملے گا جس سے بیروزگاری کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔چئیرمین نیوٹیک نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ادارہ ایسے مزید پراجیکٹ بھی شروع کریگا۔