عالمی برادری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف اقدامات کرے،امتیاز نسیم

منگل 23 اپریل 2024 22:40

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) وزیر جموں وکشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل کی کارکردگی میں مزید اضافے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت مختلف خطوط پر کام کیا جارہاہے۔جموں و کشمیر لبریشن سیل انتہائی اہمیت کا حامل ادارہ ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق تحریک آزادی کشمیر سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ان کی قیادت میں جموں و کشمیر لبریشن سیل کو مثالی ادارہ بنائیں گے تاکہ یہ ادارہ مزید موثر انداز میں کام کر سکے۔

جموں وکشمیر لبریشن سیل کو مزید فعال اور متحرک بنانے کے لئے اسے ضرورت کے مطابق وسائل مہیا کئے جائیں گے تاکہ یہ ادارہ اپنے قیام کے اغراض و مقاصد احسن انداز میں پورے کر سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر سنٹر راولپنڈی کے دورے کے موقع پر بر یفنگ کے دوران آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کشمیر سنٹر راولپنڈی راجہ خان افسر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سردار ساجد محمود، انچارج سوشل میڈیا نجیب الغفور خان موجود تھے۔

وزیر حکومت نے کہا کہ جموں و کشمیرلبریشن سیل میں فعال، متحرک اور مستند ٹیم موجود ہے ہم سب نے مل کر اس ادارہ کی کارکردگی میں مزید اضافہ کرنا ہے اور اسے ترقی سے ہمکنار کرنا ہے۔ کشمیر سنٹر راولپنڈی وفاقی دارالحکومت میں ہونے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا آج کے دور میں سوشل میڈیاموثر ترین ہتھیار ہے،تحریک آزادی کشمیر کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے سوشل میڈیا سے بھرپور استفادہ کیاجائے۔

محترمہ امتیاز نسیم نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل میں کام کرنے والی بہترین ٹیم موجود ہے۔ جو جذبے اورخلوص کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق تحریک آزادی کشمیر سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ان کی سربراہی میں اس ادارہ کو ریاست کا مثالی ادارہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سوشل میڈیا اہمیت کا حامل ہے مسئلہ کشمیر کو سوشل میڈیا کے مختلف فورمز کے ذریعے مزید موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لئے بھرپور انداز میں کام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور ریاستی جبر کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف عالمی برادری اقدامات کرے، تحریک آزادی کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم سے نوجوان نسل، وطن عزیز کے شہریوں اور عالمی برادری کو آگہی اور شعور فراہم کرنے کیلئے جموں وکشمیرلبریشن سیل کلیدی کردار ادا کررہاہے۔

محترمہ امتیاز نسیم نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں اور بیس کیمپ کی حکومت میں روابط کو مضبوط بناتے ہوے عالمی برادری کو مسلہ کشمیر کی طرف متوجہ کرنے کیلیے اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل کا سوشل میڈیا انتہائی متحرک ہے موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے ٹول کو زیادہ استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ آزادکشمیر کی تمام یونیورسٹیز میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سمینارز، کانفرنسز اور ورکشاشپس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

تاکہ نوجوان نسل مسئلہ کشمیر سے آگاہی حاصل کر سکے۔ محترمہ امتیاز نسیم نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ معصوم کشمیریوں کی آواز بننے اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے جموں و کشمیر لبریشن سیل کے سوشل میڈیا پیجز کو ضرور وزٹ کیا کریں جہاں پر مسئلہ کشمیر، بھارتی مظالم اوورسیز کشمیریوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح پر رونما ہونے والی تازہ ترین صورت حال سے متعلق آگاہی ملتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے بھارتی مظالم دنیا کے سامنے لائیں اور مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کے لئے برسر پیکار کشمیریوں کی آواز بنیں۔