دفعہ370کی منسوخی نے مسئلہ کشمیر کو الجھادیا، جموں وکشمیرکوجیل میں تبدیل کردیاگیا ہے،سربراہ پی ڈی پی محبوبہ مفتی

بدھ 24 اپریل 2024 12:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے دفعہ370 کی منسوخی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے مسئلہ کشمیر کو مزید پیچیدہ بنا دیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع اسلام آباد میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو فراموش نہیں ہونے دیا جائے گا، دفعہ 370کی منسوخی سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوا بلکہ یہ مزید الجھ گیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ وقت آئے گا جب وہ سمجھ جائیں کہ انہوں نے جموں و کشمیر کے ساتھ کیا کیا ۔محبوبہ مفتی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کا کھل کراظہارکریں کہ 2019میں کئے گئے فیصلے انہیں قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری خاموش رہتے ہیں لیکن وقت آنے پروہ دکھاتے ہیں کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ہے۔انہوں نے2019کے فیصلوں کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ اسے جیل میں تبدیل کردیاگیاہے۔پی ڈی پی کی سربراہ نے اظہاررائے کی آزادی پر پابندیوں اور علاقے میں جاری ظلم وجبر پر تنقید کرتے ہوئے لوگوں کے خدشات اور شکایات کوآواز دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت پر زور دیا۔