چراغ تلے اندھیرا یا وزیر تعلیم کی آشیرباد، حلقہ سات میں گورنمنٹ پرائمری سکول رینجہ میں تعینات معلم غائب

بدھ 24 اپریل 2024 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) چراغ تلے اندھیرا یا وزیر تعلیم کی آشیرباد، حلقہ سات میں گورنمنٹ پرائمری سکول رینجہ میں تعینات معلم غائب۔ درجنوں بچوں کی زندگیاں تاریک ہونے لگیں۔ریاستی خزانے سے ماہانہ کی بنیاد پر تنخواہ وصول کرنے والے اکلوتے معلم نے قانون کو گھر کی لونڈی بنا لیا۔ سول سوسائٹی سمیت زعما علاقہ کی شدید مذمت۔

وزیر تعلیم آزاد کشمیر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز حلقہ سات کے زعما کے ایک وفد جس میں محمد شفیق، شبیر احمد، نذیر شیخ، عظیم شیخ، قربان علی، چوہدری صداقت، چوہدری فرمان، ملک یعقوب، علم دین اور ظاہر فاروقی سمیت دیگر شامل تھے نے دارالحکومت مظفرآباد میں میڈیا انویسٹیگیشن ٹیم سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ سات کے نواحی علاقہ رینجہ میں قائم گورنمنٹ پرائمری سکول رینجہ ایک عرصہ سے بند پڑا ہے۔

(جاری ہے)

سکول میں زیر تعلیم درجنوں بچوں کی زندگیاں تاریک ہو رہی ہیں۔ بارہا تعینات معلم کو سکول کا نظم و نسق بہتر کرنے اور بچوں کو سکول کے مقررہ اوقات کار میں پڑھانے کے لیے استدعا کی مگر معلم کی جانب سے عوام علاقہ کی بات سنی ان سنی کرتے ہوئے معلم اسکول حاضر ہونے سے قاصر ہے۔ محکمہ تعلیم کے ارباب اختیار کو بھی بارہا تحریری و زبانی شکایات کر چکے ہیں مگر کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول رینجہ میں زیر تعلیم درجنوں بچوں کی زندگیاں تباہ ہو رہی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور اعلی عدلیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ حلقہ ساتھ کے گورنمنٹ پرائمری سکول رینجہ میں درجنوں بچوں کی زندگیوں کو تاریک بنانے اور شرح تعلیم کو تباہی سے دوچار کرنے والے معلم کے خلاف فوری نوٹس لیں۔