بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت وزیراعلیٰ کی قیادت میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اورمسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں ، سر دار سر بلند خان جو گیزئی

بدھ 1 مئی 2024 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردار اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی ملک کی ترقی و خوشحالی اورعوام کے مسائل حل کرنے کیلئے جدوجہدکررہی ہے ،بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی مخلوط حکومت عوام کی بلا رنگ ونسل خدمت کر رہی ہے ۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو ملاقات کرنے والے پیپلزپارٹی بلوچستان کے رابطہ سیکرٹری ربانی خان خلجی،لورالائی ڈویژن کے صدر لالا رحمت خان کدیزئی، صوبائی ایگزیگٹو کمیٹی کے اراکین ربانی خان کاکڑ، ملک مصطفی خان کاکڑ،سپورٹس اینڈ کلچر ونگ کے صدر شہزداہ خان کاکڑ، ضلع موسی خیل کے صدر ظاہر خان موسی خیل،صوبائی کونسل کے اراکین عامر ناصر، سید شہباز سعید ، ملک ٹکا خان حمزہ زئی اوردیگرسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران پارٹی امور ،ملک اور بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور پارٹی فعالیت کے بارے میںتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔سردار سربلند جوگیزئی نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے قیام سے لیکرآج تک عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کرتی آرہی ہے اورعوام کے حقوق کے حصول کیلئے پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے اپنی جانون کے نذرانے دیئے لیکن کبھی بھی اصولوں پرسودے بازی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اورمسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں بلوچستان کے عوام نے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی پر جس اعتمادکااظہارکیا ہے انشاء اللہ پیپلزپارٹی اس پر پورااترنے کی ہرممکن کوشش کریگی۔