وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی الوچ پورن میں شہید ہونے والے جوان اعظم خان کی قبر پر حاضری

بدھ 1 مئی 2024 22:50

شانگلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہید جوان اعظم خان کی قبر پر الوچ پورن میں حاضری دی۔ انجینئر امیر مقام نے پارٹی قائد محمد نوازشریف، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کی جانب سے خصوصی طور پر شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے شہید کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لئے صبر جمیل کیلئے دعا کی۔ انجینئر امیر مقام نے شہید جوان کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہوا، پاک فوج نے نہ صرف ملک و قوم کی خدمت کی بلکہ قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انجینئر امیر مقام نے سوگوار خاندان کو ذاتی طور پر مالی امداد بھی دی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کی روح کو جنت الفردوس میں جگہ دے۔