جنہیں عوام نے مسترد کیا اُن کو ہی مسلط کیاگیا،فارم 47والی حکومت جعلی ہے‘ حافظ نعیم الرحمن

چیف جسٹس فارم 45کی بنیاد پر نتائج مرتب کرائیں،قانون کی بالادستی کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو دبایا جارہا ہے 16 مئی کو لاہور میں کسانوں کے حقوق کے لیے احتجاج ،19مئی کو پشاور میں غزہ ملین مارچ کریں گے‘ امیر جماعت اسلامی

اتوار 12 مئی 2024 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے جنہیں عوام نے مسترد کیا اُن کو ہی مسلط کیاگیا،فارم 47والی حکومت جعلی ہے۔چیف جسٹس فارم 45کی بنیاد پر نتائج مرتب کرائیں۔ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو دبایا جارہا ہے۔بہاولپور میں سولر پارک بن سکتا ہے تو بلوچستان میں سولر پلانٹس کیوں نہیں لگائے جاسکتے ۔

لوگوں کو ماورائے عدالت لاپتہ کیا جارہا ہے۔اب جعلی حکومت کے نتائج آزاد کشمیر میں عوامی احتجاج کی صورت سامنے آرہے ہیں ۔میڈیا ورکرز کو معاشی و آزادی صحافت کے مسائلکے ساتھ ساتھ ،میڈ یا کی صنعت کو مشکلات کا سامنا ہے۔غزہ میں دس ہزارفلسطینی لاپتہ جبکہ چالیس ہزار شہید ہوچکے،مصر جواب دے اسرائیل کیسے رفح بارڈر بند کرسکتا۔

(جاری ہے)

16 مئی کو لاہور میں کسانوں کے حقوق کے لیے احتجاج اور 19مئی کو پشاور میں غزہ ملین مارچ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور صدر نیشنل لیبر فیڈریشن شمس الرحمن سواتی بھی موجود تھے۔ امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پی پی ،(ن) لیگ اور ایم کیو ایم کو عوام پر جبری مسلط کیا گیا۔فارم 47کی بنیاد پر بننے والی حکومت جعلی ہے۔

چیف جسٹس فی الفور جوڈیشل کمیشن بنائیں اور فارم 47کی بنیاد پر نتائج مرتب کرائے۔پی ڈی ایم اور نگران حکومت میں کوئی فرق نہیں تھاموجودہ حکومت اسی کا تسلسل ہے۔ملک میں قانون پر عملدرآمد نہیں ہورہا ،میرٹ کی دھجیاں اڑ رہی ہیں۔میڈیا ورکرز کو معاشی و صحافتی آزادی میسر نہیں اور میڈیا کی صنعت کو مشکلات کا سامنا ہے۔آزادی اظہار رائے کے چمپئن کیوں خاموش ہیں۔

سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں آئے روز ماورائے عدالت شہریوں کو لاپتا کیا جاتا ہے،جگہ جگہ ناکوں پر لوگوں کی توہین کی جاتی ہے،ماہی گیروں کا استحصال کیا جاتا ،ساحلوں پر ٹرالر مافیا کو کھلی چھوٹ ہے،ماہی گیروں کی حق تلفی ہورہی ہے حکمران جواب دیں بہاولپور میں سولر پارک بن سکتا ہے تو بلوچستان میں کیوں نہیں ۔امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ معیشت پر زبردستی اور خوشنما اعدادو شمار جاری کئے جارہے ہیں،عام آدمی کی زندگی مشکل میں ہے،تعلیم ،صحت اور انصاف میسر نہیں ۔

بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے ،گیس میسر نہیں ۔جعلی حکومت کے نتائج آزاد کشمیر میں عوامی احتجاج کی صورت میں نظر آرہے ہیں ۔کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات جائز ہیں۔ حکمران اب عوام کو طاقت کی بنیاد پر دبا نہیں سکتی ،پاکستان کے ہر شہری کو اپنے حقوق کے پرامن جدوجہد کرنے کا حق حاصل ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ میں اب تک چالیس ہزار فلسطینی شہید جبکہ دس ہزار لاپتہ ہیں ۔

امریکہ اسرائیل کو محدود پیمانے کے طور پر کاروائی کی اجازت دے رہا ۔پاکستان کے نمائندے اقوام متحدہ میں اچھا موقف اختیار کررہے ہیں ،اچھا موقف اور موثر آواز کافی نہیں بلکہ آگے بڑھ کر عملی حصہ ڈالنا چاہیے۔مسلم ممالک بھی حقیقی طور پر فلسطین کا ساتھ نہیں دے رہے مصر جواب دے اسرائیل کیسے رفح بارڈر بند کررہا۔ گزشتہ دنوں اسلام آباد پولیس نے غزہ کے لیے احتجاج کرنے والے طلبہ پر لاٹھی چارج کیا،حکمران بتائیں وائٹ ہائوس کے باہر احتجاج کیا جاسکتا ہے تو اسلام آباد میں کیوں نہیں ،طاقت کی بنیاد پر عوام کی آواز کو دبانا بند کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ 19مئی کو پشاور میں غزہ ملین مارچ منعقد کریں گے اور آئندہ کے لئے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا ۔