خواجہ آصف نے مجھ پر پہلے بھی بہت سارے مقدمات کئے ،ریحانہ ڈار

پاکستان کی عدلیہ میرے لئے قابلِ فخر ہے۔ مجھے انصاف ملے گا۔اللہ کے بعد اپنا فیصلہ جج پر چھوڑ دیا ہے،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 13 مئی 2024 15:02

خواجہ آصف نے مجھ پر پہلے بھی بہت سارے مقدمات کئے ،ریحانہ ڈار
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مئی 2024) پی ٹی آئی رہنماءعثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے مجھ پر پہلے بھی بہت سارے مقدمات کئے ہیں وہ سب کے سب جھوٹے مقدمات تھے،پاکستان کی عدلیہ میرے لئے قابلِ فخر ہے۔ مجھے انصاف ملے گا۔اللہ کے بعد اپنا فیصلہ جج پر چھوڑ دیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ الیکشن ٹریبونل میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما ریحانہ ڈار کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان جھوٹے سے گھبرانے والی نہیں ہوں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرونگی۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ الیکشن ٹریبونل نے خواجہ آصف کی این اے 71 سے کامیابی کے خلاف ریحانہ ڈار کی درخواست پر سماعت ہوئی۔لاہور ہائیکورٹ الیکشن ٹربیونل جسٹس سلطان تنویر احمد نے ریحانہ ڈار کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی بطور رکن قومی اسمبلی کامیابی کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن ، خواجہ آصف سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔

پی ٹی آئی رہنماءریحانہ ڈار کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیالکوٹ سے خواجہ آصف دھاندلی کے ذریعے جیتے ہیں، فارم 45 کے تحت ریحانہ ڈار کو 4 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔ریحانہ ڈار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنماءیحانہ ڈار نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی بطور رکن قومی اسمبلی کامیابی کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا تھا۔پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ریحانہ ڈار نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی ہے کہ وہ این اے 71 سیالکوٹ سے امیدوار ہیں، ان کے ساتھ دھاندلی ہوئی اور مخالف امیدوار ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف کے دھاندلی کے ذریعے ووٹ بڑھائے گئے تھے۔