بھارتی پولیس نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان زاہد علی کو دوبارہ گرفتار کر لیا

جمعہ 17 مئی 2024 13:37

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی پولیس نے جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈووکیٹ زاہد علی کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈوکیٹ زاہد علی کو جموںخطے کی کٹھوعہ جیل سے تقریبا تین برس سے زائد عرصے کی طویل غیر قانونی نظر بندی کے بعد حال ہی میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

زاہد علی کو پولیس نے ضلع پلوامہ کے علاقے نہامہ سے انکی رہائش گاہ سے گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاہے۔ زاہد علی کو، جو جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اور چیف ترجمان ہیں،قبل ازیں 22 مارچ 2019 کو حراست میں لیا گیا تھا۔ انہیں 11 اپریل 2020 کو رہا کیا گیا تھا۔انہیں 30 جون 2020 کو دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں حال میں رہا کیا گیا تھا۔ انہوں نے رہائی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران مقبوضہ علاقے میں ہونے والے بھارتی پارلیمانی انتخابات کی مخالف کی تھی۔