عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات کی منظوری اور نوٹیفکیشن عوام کی تاریخ ساز کامیابی ہے،عوامی ایکشن کمیٹی مظفرآباد

گرفتار قائدین کو رہا نہ کیا گیا اور تمام مقدمات واپس نہ کئے گئے تو جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزادکشمیر بھر میں دوبارہ بھرپور احتجاجی کال دے گی

جمعہ 17 مئی 2024 17:49

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) اعلامیہ مشاورتی اجلاس جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی مظفرآباد ڈویژن، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی مظفرآباد ڈویڑن کا اہم اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں نیلم ویلی، جہلم ویلی اور مظفرآباد سے تاجروں، منتخب بلدیاتی نمائندوں، طلبہ، ٹرانسپورٹرز ،وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مرکزی سطح پر کامیاب مزاکرات کی توثیق کرتے ہوئے تمام مطالبات کی منظوری اور نوٹیفکیشن کو عوام کی تاریخ ساز کامیابی قرار دیا۔اجلاس نے میرپور میں مرکزی کور کمیٹی کے ممبر جناب سعد انصاری ایڈووکیٹ اور دیگر قائدین پر قائم بے بنیاد قتل کے مقدمات کی پرزور مذمت کی گئی حالانکہ وقوعہ سے قبل ہی سعد انصاری ایڈووکیٹ اور ان کے ساتھی گرفتار ہو چکے تھے،مذاکرات میں حکومت سے طے ہوا تھا کہ تمام قائدین اور کارکنان کو رہا کیا جائے گا اور تمام قائم مقدمات واپس لیے جائیں گے اب حکومت تمام نوٹیفکیشن اور معاہدہ کے بعد مقدمات واپس لینے اور گرفتار قائدین کی رہائی میں لیت و لعل سے کام لیا جا رہا ہے اگر فی الفور گرفتار قائدین کو رہا نہ کیا گیا اور تمام مقدمات واپس نہ کئے گئے تو جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزادکشمیر بھر میں دوبارہ بھرپور احتجاجی کال دے گی۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس آزادکشمیر کے عوام سے اپیل کرتا ہے کہ وہ کسی بھی منفی پروپیگنڈا کا حصہ نہ بنیں ہماری پرامن احتجاجی تحریک آپ کے بیلوث جذبہ اور تعاون سے کامیابی سے ہمکنار ہو چکی ہے پاکستان، پاکستان کے قومی سلامتی کے ادارے اور پاکستانی عوام کا یہ اجلاس مشکور و ممنون ہے کہ انھوں نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے ہر ممکن اور ہر انٹرنیشنل فورم پر بہترین سفارتی ترجمانی کی۔

روزاول سے یہ تحریک صرف اور صرف بنیادی انسانی حقوق کے لئے تھی جس پر یہ کاربند رہی۔جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی مظفرآباد ڈویڑن کا یہ نمائندہ اجلاس بھارت کو متنبہ کرتا ہے کہ وہ کسی بھی خوش فہمی کا شکار نہ ہو ہماری تحریک کے مقاصد صرف لوکل حکومت سے چند بنیادی ضروریات پر مبنی مطالبہ تھا جو پورا کر لیا گیا کشمیر کے عوام بھارت کو غاصب اور مکار دشمن اور پاکستان کو اپنا بڑا بھائی اور آزادی کشمیر کا ضامن و پشتی بان سمجھتا ہے۔