آرٹیکل 370 کی منسوخی کوئی ایسا فیصلہ نہیں جسے واپس نہ لیا جاسکے، عمر عبداللہ

بدھ 22 مئی 2024 13:13

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے5 اگست 2019میں جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کوئی ایسا فیصلہ نہیں ہے جسے واپس نہ لیا جاسکے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 370کی منسوخی انسانوں کا فیصلہ ہے اور انسان کے کیے ہوئے ہر فیصلے کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں بھارتی سپریم کورٹ کا کوئی بنچ آرٹیکل 370کے بارے میں اپنے فیصلے کو بدل دے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ اس مسئلے کو زندہ رکھنے اور اس وقت کا انتظار کرنے کی ضرورت ہے جب ہم کچھ واپس حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے مودی حکومت کے ان دعوئوں کو بھی مسترد کر دیا کہ آرٹیکل 370کے خاتمے کے بعد کشمیر میں حالات معمول پر آ گئے ہیں ۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں قتل و غارت کا سلسلہ جاری ہے ا اور مودی اور امیت شاہ کے دعوے حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔عمر عبداللہ نے کہا کہ بھارتی پولیس سیاسی کارکنوں کو ہراساں کر رہی ہے اور انہیں حراست میں لے رہی ہے جو انتہائی افسوس ناک ہے۔