گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے رکن قومی اسمبلی سردار محمدیوسف سمیت ڈاکٹرقبلہ آیاز و دیگر کی ملاقات

جمعرات 23 مئی 2024 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے رکن قومی اسمبلی سردار محمدیوسف، سابق صوبائی وزیر شیراعظم خان وزیر، اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین ڈاکٹرقبلہ آیاز ہمراہ شیخ زیداسلامک سنٹر یونیورسٹی آف پشاور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رشیداحمد اور ڈاکٹر عبدالرحمن خان،چیئرمین خٹک جرگہ اتحادپاکستان و رہنماپاکستان پیپلزپارٹی کراچی محمدہارون خان خٹک نے گورنرہائوس پشاورمیں الگ الگ ملاقات کی ، گورنرکامنصب سنبھالنے پرمبارکباد دی اورنیک تمناؤں کا اظہارکیا۔

علاوہ ازیں گورنرسے ریکٹر پاک آسٹریا فخاشولے پروفیسر ڈاکٹر محمدمجاہد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹرنثار نے بھی گورنرہائوس میں ملاقات کی اورگورنرکا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنر کو ادارے سے متعلق تفصیلی طور پر بھی آگاہ کیا جس پر گورنرنے کہاکہ جدید دور کے مطابق تعلیمی سہولیات کی فراہمی اعلی تعلیمی اداروں کی ترجیح ہونی چاہیے اور بالخصوص جدید ریسرچ پر توجہ مرکوزکرنی چاہیے تاکہ ہمارے طلباء اقوام عالم کاتعلیمی میدان میں کامیابی سے مقابلہ کرسکیں۔

دریں اثناء گورنر سے پیسکوچیف انجینئراخترحمیدخان اور جنرل منیجر نارتھ واپڈا نے بھی گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر گورنرنے کہاکہ گرمیوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کو تکالیف کا سامناکرناپڑرہاہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھ کر بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کیاجائے۔

علاوہ ازیں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان ٹیلی ویژن پشاور کا دورہ کیا اور ایمپلائز یونین کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔یونین کے عہدیداروں نے گورنر کو کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے بعد اُن کو پنشن نہ ملنے جیسے مسائل سے آگاہ کیا جس پر گورنرنے کہاکہ 2008 میں پی پی پی کی حکومت نے پہلے بھی پی ٹی وی میں کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولرکیاتھا اور انشاء اللہ ان کوپنشن جیسے درپیش مسائل بھی حل کریں گے۔انہوں نے ملازمین سے کہاکہ پی ٹی وی ہمارا قومی چینل ہے، اس کی بہتری کیلئے اپنی پروفیشنل ذمہ داریاں بہترین طریقے سے انجام دیں، پی ٹی وی ریاست،ملک و قوم کاایک اثاثہ ہے جس کی بہتری کیلئے ہم سب کو ملکر کردار اداکرناہوگا۔