وزیراعظم کے آج شام قوم سے خطاب کا امکان

شہبازشریف معاشی و سفارتی کامیابیوں سے آگاہ کریں گے‘ میگا پراجیکٹس کا روڈ میپ بھی دیں گے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 15 جون 2024 11:05

وزیراعظم کے آج شام قوم سے خطاب کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف کے آج شام قوم سے خطاب کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے خطاب میں معاشی اور سفارتی محاذ پر حکومت کی اب تک کی کامیابیوں پر مشتمل ہوگا، اس کے علاوہ اپنے خطاب میں شہباز شریف قوم کو آئندہ برسوں کے لیے میگا پراجیکٹس کا روڈ میپ بھی دیں گے۔

وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ایک دن میں دو بڑے اعلان متوقع ہیں جن کے تحت صنعتوں کے لئے بجلی سستی کرنے کے بعد بڑی عید پر وزیراعظم کی عوام کے لئے بڑی عیدی دی جارہی ہے جس کے کیلئے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر کی بڑی کمی ہوگی، ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر کی کمی کی جارہی ہے، جب کہ یکم جون کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی اور اب تک پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 35 روپے کا ریلیف عوام کو دیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی تشکیل دے دی ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کو ایکنک کی سربراہی سے دور کر دیا ہے، اب ایکنک کے چیئرمین وزیراعظم شہباز شریف خود ہوں گے، نگران دور میں ڈاکٹر شمشاد اختر بطور وزیرخزانہ ایکنک کی سربراہ تھیں، سابقہ اتحادی دور میں اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ ایکنک کے چیئرمین تھے، اسی طرح سابقہ اتحادی دورمیں مفتاح اسماعیل بھی بطور وزیر خزانہ ایکنک کے سربراہ تھے۔

بتایا گیا ہے کہ ن وتشکیل شدہ 8 رکنی ایکنک کے ارکان میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار شامل ہیں، وفاقی وزراء خزانہ محمد اورنگزیب اورمنصوبہ بندی احسن اقبال ایکنک ارکان کا حصہ ہیں، پنجاب سے صوبائی وزیرمریم اورنگزیب اور سندھ سے جام خان شورو ارکان میں شامل ہیں، اس کے علاوہ خیبرپختونخواہ سے مشیرخزانہ مزمل اسلم ایکنک کے ارکان کا حصہ ہوں گے اور بلوچستان سے صوبائی وزیرخزانہ شعیب نوشیروانی کو ایکنک کا رکن مقرر کردیا گیا۔