’پرتشدد کارروائیوں اور جلاؤ گھیراؤ کی مخالفت کرتے ہیں‘ 9 مئی سے متعلق سوال پر امریکہ کا جواب

احتجاج پرامن طریقے سے کیا جانا چاہیئے، حکومتوں کو بھی آزادی اظہار کے احترام کو مد نظر رکھنا چاہیے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کی نیوز بریفنگ

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 جولائی 2024 12:20

’پرتشدد کارروائیوں اور جلاؤ گھیراؤ کی مخالفت کرتے ہیں‘ 9 مئی سے متعلق ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2024ء ) 9 مئی سے متعلق سوال پر امریکہ کا کہن ہے کہ پُرتشدد کارروائیوں کی مخالفت کرتے ہیں، احتجاج پرامن طریقے سے کیا جانا چاہیئے۔ نیوزبریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے پوچھا گیا کہ ’پاکستان میں 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے بحث چل رہی ہے جو امریکہ میں کیپٹل ہل پر حملے جیسے تھے، امریکہ اس کو کیسے دیکھتا ہے؟‘، اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ امریکہ پر تشدد کاررائیوں، توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی مخالفت کرتا ہے، احتجاج پُرامن طریقے سے کیا جانا چاہیئے، ہم جائز طریقے سے آزادی اظہار کی حمایت کرتے ہیں، اس میں احتجاج کا حق، پُرامن اجتماع کا حق شامل ہے، حکومتوں کو اس سے قانون کے مطابق آزادی اظہار کے احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے نمٹنا چاہیئے‘۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف کے افغانستان میں حملے کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں میتھیو ملر نے جواب دیا کہ ’پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے، علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں ہمارا مشترکہ مفاد ہے، اس کے لیے متعدد پاکستانی سویلین اداروں کے ساتھ ہماری شراکت داری ہے، حکومت پاکستان کے ساتھ باقائدگی سے اپنی استعداد کار بڑھانے، علاقائی سلامتی کو مستحکم کرنے کے مواقع کی نشاندہی کرتے ہیں، اس میں ہمارے سالانہ اعلیٰ سطح کے انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ بھی شامل ہیں‘۔

ادھر امریکی کانگریس نے پاکستان کے عام انتخابات کی تحقیقات کی قرارداد منظور کرلی، کانگریس رکن ڈیوڈ ولاڈاؤ نے قرار داد کی منظوری کا اعلان کیا، جس میں امریکی کانگریس نے پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کو آزادانہ اورمنصفانہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کے دعوؤں کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں، پاکستان کے الیکشن کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کی قرارداد کے حق میں 368 اور مخالفت میں 7 ووٹ ڈالے گئے، ایوان نمائندگان کی قرارداد نمبر 901 میں پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے حمایت کا اظہار کرنے کے لیے ارکان نے ووٹ دیا، قرارداد میں پاکستان میں الیکشن میں سیاسی ارکان کو ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے اور انٹرنیٹ سروس پر پابندی کی بھی مذمت کی گئی، امریکی قانون سازوں نے قرارداد کے ذریعے پاکستان کے جمہوری عمل میں پاکستانی عوام کی شرکت کی ضرورت پر زور دیا۔

ایوان کی قرارداد 901 میں کہا گیا کہ قرارداد کا مقصد پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی حمایت کا اظہار کرنا ہے، قرارداد میں پاکستان کے سیاسی، انتخابی یا عدالتی عمل کو تباہ کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھی مذمت کی جاتی ہے، پاکستانی حکومت جمہوری اور انتخابی اداروں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے اور پاکستانی عوام کی آزادی صحافت، آزادیِ اجتماع اور تقریر کی بنیادی ضمانتوں کا احترام کرے۔