خیبرپختونخواہ ، سیکورٹی فورسز کے 640 آپریشن میں 297دہشت گرد ہلاک

گزشتہ 6 ماہ کے دوران فورسز کے آپریشن کے دوران 510 دستی بم، 217 مارٹر شیل، 34 آئی ای ڈی بم، 11 ہزار 497 ایس ایم جی برآمد ہوئے،شمالی وزیرستان میں سب سے زیادہ 112آپریشن کئے گئے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 9 جولائی 2024 13:30

خیبرپختونخواہ ، سیکورٹی فورسز کے 640 آپریشن میں 297دہشت گرد ہلاک
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09جولائی 2024 ) خیبرپختونخواہ میں سیکورٹی فورسز کے 640 انٹیلی جنس آپریشن میں 297دہشت گرد ہلاک ہوئے،فورسز کے آپریشن کے دوران 510 دستی بم، 217 مارٹر شیل، 34 آئی ای ڈی بم، 11 ہزار 497 ایس ایم جی برآمد کئے گئے۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 6ماہ کے دوران شمالی وزیرستان میں سب سے زیادہ 112آپریشن کئے جن میں ڈیرہ اسماعیل خان میں 46، ٹانک میں32، لکی مروت میں 30، خیبرایجنسی میں 24، جنوبی وزیرستان میں 18، باجوڑمیں 10اسی طرح پشاور، بنوں میں 7،7، ضلع کرم، کوہاٹ اور سوات میں 3، 3 جبکہ مردان میں 2 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران صوبے کے 13 اضلاع میں شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ جنوری میں 41، فروری 55، مارچ میں 52، اپریل اورمئی 55، 55 جبکہ جون میں 39 دہشتگرد مارے گئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیاتھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم جولائی 2024 کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں دو الگ الگ آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز نے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیاتھا۔

بتایاگیا تھا کہ پہلا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے تیرہ کے عام علاقے میں ہوا جس میں دہشت گرد کمانڈر نجیب عرف عبدالرحمان اور کمانڈر اشفاق عرف معاویہ سمیت پانچ دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے تھے۔مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔دوسری کارروائی خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کی گئی جس میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز سے نشانہ بنایا جس میں مزید دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیاگیا تھا۔