چیئرمین پرائم منسٹریوتھ پروگرام رانامشہود احمد خان کا جامعہ کراچی میں زیر تعمیر فٹبال گراؤنڈ ودیگرپراجیکٹس کا دورہ

جمعرات 25 جولائی 2024 00:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2024ء) چیئرمین پرائم منسٹریوتھ پروگرام رانامشہود احمد خان نے بدھ کے روز جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی۔ملاقات میں انہیں جامعہ کراچی میں ایچ ای سی پاکستان کے تعاون سے جاری منصوبوں جس میں عصرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ زیر تعمیر فٹبال گراؤنڈ،یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر ودیگر منصوبوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن(اوریک) جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدہ حورالعین نے اوریک کے زیر اہتمام ہونے والی سرگرمیوں اور بالخصوص جامعہ کراچی و مختلف انڈسٹریز کے مابین اشتراک کے حوالے سے شرکاء کوبریفینگ دی اور جامعہ کراچی میں جاری دیگرمنصوبوں پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں رانامشہود احمد خان نے جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر شائستہ تبسم کے ہمراہ فٹبال گراؤنڈ،یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹروکراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹراوردیگر منصوبوں کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان ترقی چاہتاہے اور نوجوانوں کی ترقی ہی شہبازشریف کا ویژن ہے۔جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا آغاز کیا تھا،یہ ایسا پروگرام ہے جو ہر شعبے میں پاکستان کے نوجوانوں کو راستہ دکھاتا ہے اورطلبہ کے آئیڈیاز کو آگے لے کر جاناچاہتاہے اور ملک بھر میں نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر یہ مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔

رانا مشہود نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اعلیٰ تعلیم ہمیشہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل رہی ہے کیونکہ ہمیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں اگرچہ 2018 ء کے بعد ایچ ای سی کی گرانٹ میں تواترکے ساتھ کٹوتی ہوتی رہی ہے لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بجٹ میں ایچ ای سی کی گرانٹ میں ہونے والی کٹوتی کی تجویزکویکسر مسترد کیا اور ایچ ای سی کی گرانٹ میں کٹوتی نہیں ہونے دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2018 ء تک وزیر اعظم نوازشریف تواترکے ساتھ ایچ ای سی کی گرانٹ میں اضافہ کرتے رہے،اگرچہ ملک مالی مشکلات کا شکار ہے لیکن آئندہ بجٹ میں ایچ ای سی کی گرانٹ میں اضافے کو یقینی بنایا جائے گا۔ہماری کوشش ہے کہ ہمارے ملک میں موجود ٹیلنٹ کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں انہیں دیگر مواقعوں کے ساتھ ساتھ اسپورٹس کے میدانوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کالوہامنوانے کے بھر مواقع فراہم کئے جارہے ہیں اورجامعہ کراچی میں زیر تعمیر فٹبال گراؤنڈ اور یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم نے جامعہ کراچی میں جاری تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں سے رانامشہود کو آگاہ کیااور کہا کہ  اس طرح کے منصوبوں سے نوجوانوں کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بھر پور مواقع میسر آئیں گے اوروہ اپنی صلاحیتوں کا لوہامنواسکیں گے۔ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر جامعہ کراچی سعید احمد شیخ نے جامعہ کراچی میں زیر تعمیر فٹبال گراؤنڈ کی کام،لاگت رقبے اور تکمیل کے حوالے سے چیئرمین پرائم منسٹریوتھ پروگرام کو تفصیلی بریفینگ دی۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ،انچارج اسپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن، کوآرڈینیٹرپرائم منسٹریوتھ پروگرام فہد شفیق اور جامعہ کراچی کے انجینئرمحمد سہیل بھی موجود تھے۔