ملک کو آئی پی پیز کے عوام اور صنعت دشمن غیر حقیقی معاہدوں سے نجات دلانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے،گورنر پنجاب

جمعرات 1 اگست 2024 19:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے کہا کہ ملک کو آئی پی پیز کے عوام اور صنعت دشمن غیر حقیقی معاہدوں سے نجات دلانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔نعیم دستگیر کے ڈیرے پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز حرف آخر نہیں ،ان میں وقت، حالات اور ضروریات کے مطابق تبدیلی ہو سکتی ہے اور وہ اس سلسلہ میں اپنی سفارشات کے ساتھ صنعتکاروں کے مسائل وفاق تک پہنچائیں گے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری کو علاقائی ترقی کی سمت اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہر کوئی سی پیک کا کریڈٹ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے گوادر پورٹ ڈیڑھ سو سال کیلئے لکھ کر دیدی تھی مگر آصف علی زرداری نے اس معاہدے کو ختم کیا اور چین کو لیکر آئے۔

(جاری ہے)

بجلی کے بحران کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے 2013 میں شمسی توانائی کے فروغ کیلئے عملی اور کلیدی اقدامات اٹھائے تھے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے گھر اور ڈیرے پر سولر لگوائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مہنگی روایتی بجلی کی بجائے قابل تجدید، سستی اور آلودگی سے پاک شمسی توانائی کو فروغ دینا ہو گا۔ گیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ایران سے گیس کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا اگر اس پر عمل ہو جاتا تو اس سے گیس کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں جبکہ نصف سے زیادہ صنعتیں بند ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کیپسٹی پے منٹ کی ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس مد میں سالانہ 2ہزار ارب وصول کر کے چند خاندانوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال آئی پی پیز نے 198 1ارب روپے کی بجلی پیدا کی مگر ان کو3127ارب روپے کی ادائیگی کی گئی۔ اس طرح بغیر بجلی پیدا کئے ان کو بھاری منافع دیا گیا جس کا تمام تر بوجھ عوام اور صنعتیں اٹھا رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز کا فوری اور شفاف فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے بتایا کہ پولٹری سیکٹر نئی نسل کی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے سستی پروٹین مہیا کرنے کا واحد ذریعہ ہے مگرچکن کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی سے اس شعبے کو نقصان پہنچے گا۔انہوں نے اپیل کی کہ حکومت اشیائے خورونوش کی کوالٹی کو چیک کرے جبکہ قیمتوں کا تعین مارکیٹ فورسز پر چھوڑ دیا جائے۔ گورنر پنجاب کو ملنے والے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفد میں نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی، ایگزیکٹو ممبران رانا عامر رضا اور سید شفیق حسین شاہ بھی شریک تھے۔