/دوسروں پر تنقید کرنے پر یقین نہیں رکھتا اور خدمت کرنا ہماری ذمہ داری ہے جو ہم ادا کر رہے ہیں،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

ہفتہ 3 اگست 2024 20:15

gکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہری وفاق کا ٹیکس دیں لیکن ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کا ٹیکس بھی ادا کریں، یہ وہ شہر ہے جو ملک چلا رہا ہے، شہری ہمارا ساتھ دیں تو ہمیں وفاق اور سندھ کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز کے ایم سی ہیڈ آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی سمیت مختلف محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے، اجلاس میں شہر میں بارشوں کے حوالے سے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بارش اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے زحمت نہیں، کے ایم سی کے زیر انتظام تمام سڑکوں پر برساتی پانی کی نکاسی کے لئے بڑے اور چھوٹے پمپس موجود ہیں، تنقید کرنے والے کب تک تنقید کریں گے ہم مثبت سوچ کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہیں، ماضی میں بڑی شاہراہیں برساتی پانی سے ڈوب جایا کرتی تھیں، مختلف ٹائونز کے جماعت اسلامی سے وابستہ چیئرمین مسلسل رابطے میں ہیں، اندورن شہر کچھ مسائل ہیں جس کی وجہ سے برساتی پانی کی نکاسی میں وقت لگتا ہے،انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق تمام برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو کم سے کم تکالیف کا سامنا کرنا پڑے، ہم نہیں کہتے کہ تمام مسائل حل کرلئے گئے ہیں ابھی کچھ چیلنجز موجود ہیں لیکن شہریوں کے تعاون سے جلد ان چیلنجز پر بھی قابو پالیں گے، انہوں نے کہا کہ میں دوسروں پر تنقید کرنے پر یقین نہیں رکھتا اور خدمت کرنا ہماری ذمہ داری ہے جو ہم ادا کر رہے ہیں، ماضی میں بانی پاکستان کی جائے پیدائش وزیر مینشن میں برساتی پانی داخل ہوتا تھا لیکن ہم نے وہاں کام کیا اور سب نے یہ دیکھا ہوگا کہ اب ایسا نہیں ہے، وزیر مینشن کے سامنے سے گزرنے والی سڑک پر بھی اب برساتی پانی جمع نہیں ہوتا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ واٹر بورڈ کے 52ارب روپے شہریوں پر واجب الادا ہیں جو انہیں ادا کرنے چاہئیں تاکہ فراہمی و نکاسی آب کو بہتر کیا جاسکے، بلدیاتی اداروں کے پاس جو بھی وسائل ہیں ان کے تحت پوری توانائی اور لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں، کراچی کے اولڈ ایریاز میں جو کچھ مسائل درپیش ہیں ، جمیلہ پمپنگ اسٹیشن کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کے لئے سوا دو ارب روپے درکار ہیں لیکن ہم نے فوری طور پر 20 کروڑ روپے کی لاگت سے جمیلہ پمپنگ اسٹیشن کو بہتر کرنے کا کام شروع کردیا ہے، اولڈ جمیلہ پمپنگ اسٹیشن کو نیا بنانے کے لئے مشینری منگوائی گئی ہے جو کراچی پورٹ پر آگئی ہے، بہت جلد ہم اس مسئلے پر قابو پالیں گے اور اولڈ سٹی ایریاز میں پانی کی سپلائی مزید بہتر ہوجائے گی، میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کو ٹیکس دینے میں کسی کی دلچسپی نہیں ہے ، فائربریگیڈ کی سہولت ہم فراہم کرتے ہیں ، شہر کے برساتی نالوں کی صفائی سمیت دیگر بلدیاتی کام ہم انجام دیتے ہیں لیکن شہری ایم یو سی ٹی بل ادا نہیں کرتے۔