لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے ، ترجمان پی ڈی ایم اے

پیر 2 ستمبر 2024 12:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2024ء) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان،بارشوں کا سپیل 4 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق2 سے 3 ستمبر کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور منڈی بہاوالدین ،گجرات، گوجرانولہ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی ، چنیوٹ ،قصور ،نارووال ،ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،فیصل آباد، جھنگ اور میانوالی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جبکہ 3 سے 4 ستمبر تک جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، بہاولنگر، خان پور، ڈیرہ غازی خان، ملتان ،لیہ ،راجن پور اور رحیم یار خان میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں ۔

انہوں نےکہا کہ پنجاب کے تمام دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے،دریائے سندھ، چناب ،راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہا نارمل لیول پر ہے ،اسی طرح راجن پور اور ڈیرہ غازی خان ہل ٹورنٹس میں بھی نارمل صورتحال ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 79 فیصد اورتربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ فی الوقت پنجاب کے دریائوں میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ،انہوں نے عوام سے التماس کرتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں ۔