محسن نقوی کا اسلام آباد میں دبئی طرز کا نیا کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا اعلان

ایبٹ آباد میں بھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم بنائیں گے، چیمپئنز ٹرافی میں سٹیڈیم میں سیٹیں لگا دی جائیں گی، کراچی سٹیڈیم بھی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے مکمل کرلیں گے: چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 8 ستمبر 2024 13:55

محسن نقوی کا اسلام آباد میں دبئی طرز کا نیا کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا اعلان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 ستمبر 2024ء ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا اور سٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔دورے کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان ہی میں ہوگی، تمام بڑے ممالک ہمارے ساتھ ہیں،تمام ترمنصوبہ بندی مکمل کرلی ہے، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی سب ٹیمیں آئیں گی، جے شاہ سے رابطہ رہتا ہے آئی سی سی چیئرمین بننے پرپریشانی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 30 ستمبر تک قذافی سٹیڈیم کی بیسمنٹ مکمل ہوجائے گی، 3،3 ہفتے میں ایک ایک فلور بن جائے گا، فرنٹ بلڈنگ سٹیل سٹرکچر پر مشتمل ہے، 31 دسمبر تک قذافی سٹیڈیم کی مرکزی عمارت مکمل کرلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 07-2006ء میں بننے والے راولپنڈی سٹیڈیم کی حالت بہت خراب ہے، روالپنڈی سٹیڈیم سارا گرا کر بنانا پڑے گا، راولپنڈی اسٹیڈیم فی الحال اپ گریڈ نہیں ہوگا، پنڈی اسٹیڈیم پر فی الحال پیسہ لگانا فضول ہے، اسلام آباد کا نیا سٹیڈیم دبئی کی طرزکا ہوگا، ایبٹ آباد میں بھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں اسٹیڈیم میں سیٹیں لگا دی جائیں گی، کراچی سٹیڈیم بھی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے مکمل کرلیں گے۔ چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں دبئی جیسا نیا سٹیڈیم بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کپتان کا فیصلہ ہیڈ کوچز کریں گے۔ محسن نقوی نے مزید کہا انگلینڈ سے سیریز پاکستان میں ہی ہوگی، انگلینڈ سے میچز ملتان،راولپنڈی ہی میں کھیلے جائیں گے۔