چاول کی برآمدات 4ارب ڈالرز پہنچنا بڑی کامیابی ہے، گورنر سندھ

اس کامیابی میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا بڑا کلیدی کردار ہے، تقریب سے خطاب

پیر 9 ستمبر 2024 22:45

چاول کی برآمدات 4ارب ڈالرز پہنچنا بڑی کامیابی ہے، گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2024ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ روان مالی برس چاول کی برآمد ات 4ارب ڈالر ز تک پہنچنا بہت بڑی کامیابی ہے اس کامیابی میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا بڑا کلیدی کردار ہے جس نے کاشتکار، ٹریڈرز اور برآمد کنندگان کے درمیان ایک مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی ایکسپورٹ ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں REAP کے چیئرمین چیلا رام کیولانی، ایکسپورٹ ریکوگنیشن کمیٹی کے کنوینرعبدالرحیم ،سینئر وائس چیئرمین حسیب علی خان، وائس چیئرمین حبیب الرحمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن کے قیام کو 25 برس مکمل کرنے پر مبارک باد دیتاہوں اس ضمن میں چاول ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی کے لئے سالانہ ایکسپورٹ ایوارڈز قابل تحسین اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں ایکسپورٹ ایوارڈ وصول کرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور زرمبادلہ کے اضافہ کے لئے ایسوسی ایشن کا کردار نہایت سودمند ثابت ہورہا ہے۔گورنرسندھ نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے مسائل حل کے لئے وزارت کامرس اور اس شعبہ کو صنعت کا درجہ دلانے کے لئے وزیراعظم سے بات کروں گا۔ گورنرسندھ نے ایسوسی ایشن مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کے لئے گورنر ہاؤس میں سیل بنانے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ عبد الرحیم جانو کی خدمات پر انہیں ستارہ امتیاز دینے کی سفارش بھی کروں گا۔تقریب میں گورنرسندھ نے نمایا کارکردگی پر ایوارڈز تقسیم کئے اور ایسوسی ایشن کے 25 بر س مکمل ہونے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔