قائد اعظم کے نقشِ قدم پر چلنے کی ضرورت ہے،گورنر سندھ

بدھ 11 ستمبر 2024 17:40

قائد اعظم کے نقشِ قدم پر چلنے کی ضرورت ہے،گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2024ء) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ قوم سمجھ رہی ہے کون معیشت کو آگے بڑھا رہا ہے اور کون جیل میں بیٹھ کر نفرت کا بیانیہ آگے بڑھا رہا ہے۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ جہاں دشمن نفرتوں کا بیانیہ پھیلا رہا ہے وہیں ہم یکجا ہو کر دشمن کو بیان دے رہے ہیں کہ ہم ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات پر ہم شرمندہ ہیں، میں نے تاثرات میں لکھا کہ ہم آپ سے شرمندہ ہیں اس لیے کہ 9 مئی جیسے واقعات ہوتے ہیں۔کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے، بیرونی طاقتوں کا بیانیہ بک رہا ہے اور یہاں خریدار اسے خرید رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ قائد اعظم کے نقشِ قدم پر چلنے کی ضرورت ہے، ملک میں اندرونی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو پاکستان آنا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک کی داخلی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے سب متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر کئی بار سندھ اسمبلی نے قراردادیں پاس کیں، اس سال معمول سے زیادہ بارشیں ہوئیں، بارش کے حوالے سے پوری اسسمنٹ کی گئی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ میئر کراچی نے مزید فنڈنگ کا کہا ہے، فنڈنگ مہیا کی جائے گی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک منتخب وزیرِ اعلیٰ کی گفتگو کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، سردار شاہ، محمد علی ملکانی اور چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ بھی موجود تھے۔#