پارلیمنٹ پر حملے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ،اگر ایسے سلسلہ بند نہ ہوا تو جموریت خطرے میں پڑ جائیگی‘ ڈاکٹر یاسمین راشد

علی امین گنڈا پور کے خواتین کے حوالے سے بیان کی مذمت ،باقی تقریر کی حمایت کرتی ہوں ،پارٹی انکے ساتھ کھڑی ہے ہمیں دیور سے لگا دیا گیا ہے ،اب عدلیہ اور ججز سے متعلق نئے قانون بنانے جا رہے ہیں‘ پی ٹی آئی رہنما کی غیر رسمی گفتگو

جمعرات 12 ستمبر 2024 15:05

پارلیمنٹ پر حملے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ،اگر ایسے سلسلہ بند نہ ہوا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پر حملے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے ،اگر ایسے سلسلہ بند نہ ہوا تو جموریت خطرے میں پڑ جائے گی،علی امین گنڈا پور کے خواتین کے حوالے سے بیان کی مذمت کرتی ہوںلیکن باقی تقریر کی حمایت کرتی ہوں اور پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے،ہمیں دیور سے لگا دیا گیا ہے ، ہمارے جلسے کو منتشر کرنے کے لیے 6 دن میں ایک قانون بنایا گیا،اب عدلیہ اور ججز سے متعلق نئے قانون بنانے جا رہے ہیں،یہ ملک اورنظام کو تباہی کی طرف لے کر جارہے ہیں ۔

انسداد دہشتگردی میں پیشی کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہاکہ قومی اسمبلی میں لگائے گئے تماشے کی مذمت کرتی ہوں،یہ جمہوریت کا مذاق اڑایا گیا،پارلیمنٹ میں جو کچھ ہوا اس کی ساری ذمہ داری (ن) لیگ پر عائد ہوتی ہے ،قومی اسمبلی سے ہمارے اراکین قومی اسمبلی کی گرفتاری قابل مذمت ہے،قومی اسمبلی پر حملے میں پولیس ملوث ہے یا جو نقاب پوش افراد تھے ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ میں باہر نکل رہا ہوں اور حالات ٹھیک کروں گا،آپ کی ہم سے شکایت ہے کہ لوگ بانی پی ٹی آئی کے لیے کیوں نکلے ،اس وقت تحریک انصاف لوگوں کے دلوں میں بس چکی ہے ،نوازشریف کا یہی گلہ ہے کہ عوام میری خاطر نہیں نکلی اور بانی پی ٹی آئی کے لیے اتنی تعداد میں عوام باہر نکلی، ایک طرف نواز شریف جلسہ کر لیں دوسری طرف میں جلسہ کر لیتی ہوں پھر دیکھتے ہیں کس کے جلسے میں زیادہ بندے ہوں گے۔

انہوںنے کہاکہ (ن) لیگ والوں کو کہتی ہوں کہ صحت کارڈ پروگرام ہم نے شروع کیا،صحت کارڈ کی تعریف پوری دنیا نے کی ،میں نے جب وزارت چھوڑی 42 لاکھ خاندانوں نے سہولت استعمال کی ،اب لوگوں پاس مفت علاج تک کی سہولت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے خواتین کے حوالے سے بیان کی مذمت کرتی ہوںلیکن باقی تقریر کی میں حمایت کرتی ہوں اور پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں دیور سے لگا دیا گیا ہے ،میں ایک ڈاکٹر ہوں ،سوا سال سے قید میں ہوں ، ان کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت ہوتا تو مجھے سزا ہوچکی ہوتی ،اسلام آباد میں ہمارے جلسہ کو منتشر کرنے کے لیے 6 دن میں ایک قانون بنایا گیا،نئے قانون کے تحت ہمارے لوگوں کو گرفتار کیا گیا،اب عدلیہ اور ججز سے متعلق نئے قانون بنانے جا رہے ہیں،یہ ملک اورنظام کو تباہی کی طرف لے کر جارہے ہیں ۔