yلاہور بار ایسوسی ایشن کی اسرائیلی وحشت و بربریت کی شدید مذمت

پیر 30 ستمبر 2024 21:30

'لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2024ء) لاہور بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کمیٹی روم ایوان عدل میں میں زیرصدارت جناب منیر حسین بھٹی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ صدر لاہور بار منعقد ہوا۔ اجلاس میں رانا نعیم طاہر سیکرٹری جنرل راؤ تحسین شریف سیکرٹری نثار اکبر بھٹی سینئر نائب صدر رانا عمران سرور نائب صدر وارث علی گجر نائب صدر کینٹ کورٹس، رانا عمر فاروق جوائنٹ سیکرٹری زبیر گجر فنانس سیکرٹری عمران گل سید لائبریری سیکرٹری اور دیگر تمام ایگزیکٹو ایگزیکٹو ممبران نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس میں مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام اور فلسطینی کمانڈرز کی شہادت کو زیربحث لایا گیا۔ صدر بار نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے فلسطینی لیڈران جو کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی علامت تھے جن میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، ایرانی میجر جنرل قاسم سلیمانی حزب اللہ کے کمانڈر حسن نصراللہ اور بہت سے مجاہدین اور مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کی جو داستانیں رقم کی جارہی ہیں اور نہتے بچوں، بوڑھوں اور خواتین کا بے دریغ خون بہایا جا رہا ہے لاہور بار ایسوسی ایشن اس فعل کی واشگاف الفاظ میں بھر پور مذمت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وکلاء برادری نے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی حمایت اور اسرائیلی بربریت کی ہمیشہ مخالفت کی ہے۔ پاکستان بھر کے وکلاء اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور جن کیلئے ہر فورم پراپنی آواز بلند کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ صدر لاہور بار نے کہا کہ ہم لاہور بار ایسوسی ایشن جو کہ ایشیا کی سب سے بڑی بار ہے کے پلیٹ فارم سے دنیا بھر کے مسلم لیڈران سے ایک جان ہو کر قرآن پاک کی آیت کے مصداق اپنی جمعیت کے ذریعے اللہ کی رسی کو مشترکہ طور پر مل کر پکڑنے اور فلسطین و کشمیر کے حق میں ہم آواز ہو کر جدوجہد کرنے کا پرزور مطالبہ کرتے ہیں۔

لاہور بار ایسوسی ایشن حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی ہرممکن مدد کریں اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں۔ اس سلسلے میں انٹرنیشنل کریمنل کورٹ آف جسٹس اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔