Live Updates

آئین میں ترمیم کیلئے پی ٹی آئی ایم این ایز کی خریداری کیلئے لابنگ کرنیوالے پرچی چیئرمین کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا،عالم کاکڑ

منگل 1 اکتوبر 2024 23:53

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماعالم کاکڑ نے کہا ہے کہ آئین میں ترمیم کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این ایز کی خریداری کیلئے لابنگ کرنے والے پرچی چیئرمین کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ، چیف جسٹس پاکستان اپنی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے پورے نظام کو داؤ پرلگارہے ہیں ۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں عالم کاکڑ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کو دبانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی توانائیاں صرف کر رہی ہیں لیکن پی ٹی آئی کے قائدین اور کارکنوں کو اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پرچی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جماعت 10گروپوں میں تقسیم ہے اور وہ بلوچستان کی قیادت پر اپنی گرفت کھوچکے تھے جس پر انہیں پوری تنظیم تحلیل کرنا پڑی اب وہ آئین میں ترمیم کے لئے پی ٹی آئی کے ایم این ایز کی خریداری کیلئے لابنگ کررہے ہیں جس میں انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اپنے قائد عمران خان کی آواز پر لبیک کہیں گے اورپارٹی قیادت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے جس کا واضح ثبوت ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے جلسوں میں عوام کی بھر پورشرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اپنی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے پورے ملک کو داؤ پر لگارہے ہیں جو کسی بھی طرح ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات