توہین رسالت کا دوسرا ملزم توصیف شہزاد چیچہ وطنی سے گرفتار ۔ تین یوم کے جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے سپرد

منگل 8 اکتوبر 2024 19:51

توہین رسالت کا دوسرا ملزم توصیف شہزاد چیچہ وطنی سے گرفتار ۔ تین یوم ..
ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2024ء) توہین رسالت کیس کے دوسرے ملزم توصیف شہزاد کو پولیس صدر چیچہ وطنی نے گرفتار کر لیا اور ملزم توصیف شہزاد کو انسداد دہشت گردی عدالت ساہیوال کے خصوصی جج ضیاء اللہ خاں نے تین یوم کا جسمانی ریمانڈ منظور کر کے پولیس کے سپرد کر دیا اور پولیس کو حکم دیا کہ ملزم کو دوبارہ 10اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

تفصیلا ت کے مطابق 20ستمبر کو چیچہ وطنی کے توصیف شہزادکے اکائونٹ سے گستاخانہ مواد سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا جس پر پولیس نے 21ستمبر شمس الحسن صابری اے ایس آئی کی مدعیت میں مقدمہ 295سی ت پ اور 7انسداد دہشت گردی ایکٹ درج کر کے تفتیش کی تو دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ راولپنڈی کے ذیشان ساجد نے اکاوئنٹ ہیک کر کے پوسٹ کی تاکہ اپنے مخالف توصیف شہزاد کو مقدمہ میں پھنسا کر بلیک میل کر سکے۔

(جاری ہے)

پولیس نے 2اکتوبر کو ملزم ذیشان ساجد کو راولپنڈی سے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ۔ عدالت نے دس اکتوبر تک ملزم پولیس صدر چیچہ وطنی کو جسمانی ریمانڈ پر حوالے کر دیا تھا۔سپیشل جج انسداد دہشت گردی عدالت ساہیوال ضیاء اللہ خاںنے کالعدم سپاہ صحابہ پاکستان کے سابق عہدیدار محمد عثمان صدیقی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔سی ٹی ڈی نے 9ستمبر کو دہڑاں والی پل نہر لوئر باری دو آب رائو سکندر اقبال روڈاوکاڑہ سے ایک کاروائی کے دوران منافرت پھیلانے والے کتابچے وغیرہ تقسیم کر تے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا تھااورملزم سے 9کتابچے کالعدم تنظیم کے جھنڈے وغیرہ بھی بر آمد کر لیے تھے۔

تھانہ سی ٹی ڈی ساہیوال نے مقدمہ 11ایف ٹو، 11ڈبلیو ٹو اور9انسداد دہشت گردی ایکٹ درج کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔