کل جماعتی حریت کانفرنس کاکشمیر میں بڑھتے قتل وغارت پر اظہارتشویش

نیشنل کانفرنس کی ریلی پر بی جے پی کارکنوں کے حملے میں کئی افرادزخمی

بدھ 30 اکتوبر 2024 21:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2024ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی کی بھارتی حکومت کے حالات معمول پرآنے کے دعوئوں سے زمینی حقائق کو چھپایا نہیں جاسکتا کیونکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم وجبر کاسلسلہ آج بھی جاری ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری بیان میں معصوم شہریوں کے قتل وغارت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ صورتحال خاص طور پر حالیہ انتخابات کے بعدمزید خراب ہوئی ہے جن کو مودی حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حل کے طور پر پیش کیاتھا۔ ایڈوکیٹ منہاس نے کہاکہ کشمیری عوام کی تحریک حق خودارادیت کو دبانے کیلئے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں،جعلی مقابلوں اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کوروکنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے اہلکاروں نے پلوامہ اور کپواڑہ اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاںکیں۔ ان کارروائیوں کے دوران کم از کم دو نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔

دریں اثناء ضلع بانڈی پورہ کے علاقے گریز میں نیشنل کانفرنس کی ریلی پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ یہ حملہ حالیہ انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد کیا گیا۔مقبوضہ جموں وکشمیرمیںپبلک سروس کمیشن کی طرف سے جاری کی گئی منتخب امیدواروں کی حالیہ فہرست میں مسلمانوں کی تعداد مجموعی آبادی کے تناسب سے انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیاہے۔

منتخب ہونے والی71 امیدواروںمیں سے 36سے زائد ہندو ہیں حالانکہ ہندو آبادی کا صرف 28فیصد ہیں جبکہ مسلمان تقریبا 70فیصد ہیں۔واشنگٹن میں ڈیجیٹل ٹرک کیپٹل ہل اور وائٹ ہائوس سمیت اہم مقامات سے گزرے جن پرمقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم کا محاسبہ کرنے کامطالبہ درج تھا۔ ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم کی طرف سے ڈیجیٹل ٹرکوں پر درج پیغامات میں امریکی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرے اور جموں وکشمیرپر بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کے خلاف اقدامات کرے۔