Live Updates

عدم مساوات اور مہنگائی کی وجہ سے بھارت کو بحرانی صورتحال کا سامنا ہے ، کانگریس

بدھ 30 اکتوبر 2024 21:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2024ء) بھارت میں کانگریس پارٹی نے بی جے پی کی بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں عدم مساوات اور مہنگائی کی وجہ سے بحرانی کیفیت ہے اور غیر یقینی اور مشکل اقتصادی صورتحال سے گزر رہا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت گزشتہ ایک دہائی سے بھارت کی ترقی کا راگ الاپ رہی ہے ۔

تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ تنخواہوں سے متعلق عدم مساوات اور مہنگائی کی وجہ سے بھارت کو بحران کا سامنا ہے اور ملک بدترین غیر یقینی اور مشکل اقتصادی حالات سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بھارت میں متوسط طبقہ مسلسل سکڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حال ہی میں جاری ہونیوالے صنعتوں کے سالانہ سروے 2022-23کے اعدادو شمار سے ظاہر ہوتاہے کہ 10سال قبل کے مقابلے میں مزدوروں اورمحنت کشوں کی قوت خرید میں بڑی حد تک کمی آئی ہے ۔

جے رام رمیش نے ملک میں شدید مہنگائی کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریزروبینک آف انڈیا کے سابق ڈپٹی گورنر ڈاکٹر ورل آچاریہ نے کہا ہے کہ گزشتہ دہائی میں اڈانی گروپ سمیت 5 بڑے گروپوں کو عروج حاصل ہوا ہے، جن کی اس وقت ملک کے40سیکٹروں بشمول سیمنٹ ،کیمیکل، پٹرول، مینوفیکچرنگ اوردیگرمیں مناپلی قائم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی کے دور حکومت میں ملک کے مختلف خطوں میں عدم مساوات عروج پر ہے۔ اعداد و شمار سے ظاہرہوتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کاارب پتی راج برطانوی راج کے مقابلے میں زیادہ عدم مساوات پر مبنی ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات