کاملا ہیرس کو 83، ڈونلڈ ٹرمپ کو 52 کھرب پتی شخصیات کی حمایت حاصل

232 ارب ڈالر کی مجموعی دولت کے مالک ایلون مسک دو ہفتوں میں ٹرمپ کی حمایت میں 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر عطیہ کرچکے ہیں

ہفتہ 2 نومبر 2024 16:41

کاملا ہیرس کو 83، ڈونلڈ ٹرمپ کو 52 کھرب پتی شخصیات کی حمایت حاصل
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2024ء) فوربز نے 135 سے زائد ارب پتیوں کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق کاملا ہیرس کو 83 جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کو 52 کھرب پتی کاروباری شخصیات کی حمایت حاصل ہے۔رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ، معروف کاروباری شخصیت جارج سوروس، سرمایہ کار مارک کیوبن بھی کاملا ہیرس کے حامی ہیں، جے پی مورگن کے سی ای او جیمی ڈیمن اور مائیکروسافٹ کے سابق سی ای او اسٹیو بالمر بھی کاملا کی جیت کے متمنی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نہ صرف ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کر رہے ہیں بلکہ انہوں نے ٹرمپ کی کابینہ میں خدمات انجام دینے کی بھی خواہش کا اظہار کیا ہے۔232 ارب ڈالر کی مجموعی دولت کے مالک ایلون مسک دو ہفتوں میں ٹرمپ کی حمایت میں 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر عطیہ کرچکے ہیں، جیف ہلڈی برانڈ، تھامس پیٹرفی اور گیری رولنز سمیت کئی بڑے امریکی بڑے سرمایہ کار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کر رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے حامی کھرب پتی کاملا ہیرس کی انتخابی مہم کے لیے ایک ارب ڈالر جبکہ ریپبلکن کے حامی ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے 28 کروڑ ڈالر عطیہ کرچکے ہیں۔