لاہور آئندہ تین دن تک شدید سموگ کی زد میں رہے گا،مریم اورنگزیب

منگل 5 نومبر 2024 13:13

لاہور آئندہ تین دن تک شدید سموگ کی زد میں رہے گا،مریم اورنگزیب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2024ء) لاہور ایک بار پھر فضائی آلودگی انڈیکس میں سب سے اوپر، امریکی ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں آلودگی کا سکور 609 ہے ۔ترجمان محکمہ ماحولیات کے مطابق لاہور آئندہ تین دن تک شدید سموگ کی زد میں رہے گا، سموگ کی صورت حال بدترین ہونے کاخدشہ،امریکی موسمیاتی ادارے نے خبردار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ6،7 اور 8 نومبر کو لاہور کا آلودگی انڈیکس 600 سے 700 ہو سکتا ہے۔

امریکی ائیر انڈیکس کی پیشگوئی کے مطابق 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مشرق سے مغرب کی طرف بھارت سے آنے والی سموگ آلود ہوائیں لاہور اور ملحقہ پاکستانی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں ۔فضائی آلودگی انڈیکس میں نئی دہلی 408 سکور سے دوسرے، عراق کا دارالحکومت بغداد تیسرے اور بھارتی شہر کلکتہ 160 سکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ ماحولیات کے مطابق پنجاب میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر قائم بھٹوں کو گرانے کا سلسلہ جاری ہے ،دھواں پھیلانے سے روکنے کی کڑی نگرانی اور سموگ سے بچا ئوکے اقدامات پر سخت عمل درآمد جبکہ سڑکوں، راستوں اور بازاروں میں پانی کا چھڑکا ئو بھی جاری ہے۔

ماحولیاتی تحفظ اور انتظامیہ کے افسران کے عملے کے ہمراہ فیلڈ آپریشنز، چھاپے مارے جارہے ہیں اور جرمانے کیے جارہے ہیں ۔دریں اثنا سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپیل کی ہے کہ شہری آئندہ تین دن بہت زیادہ احتیاط کریں،سموگ کی شدت میں اضافہ تشویشناک ہے، بزرگ، مریض اور بچے ماسک لازمی پہنیں اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ مونجی یا فصل کی باقیات جلانا اس وقت 'جلتی پر تیل' ڈالنے کے مترادف ہوگا۔انہوں نے خبر دار کر تے ہوئے کہا کہ پوری قوت سے سموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے،ماحولیاتی قوانین، ضابطوں اور کسی بھی خلاف ورزی پر شہری 1373 پر فوری شکایات کریں اور گرین ایپ کا استعمال کریں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سموگ کی صورتحال کے حوالے سے قائم مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول تمام ڈیٹا کا مسلسل بغور جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی ماہرین کی مشاورت سے مصنوعی بارش کا آپشن استعمال کریں گے۔