خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

جمعہ 15 نومبر 2024 23:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2024ء) خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری جبکہ اسلام آباد، بالائی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم پنجاب کے چند میدانی علاقوں میں سموگ /ہلکی دھند چھائے رہنے کا بھی امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علا قوں میں سرد رہا اور پنجاب کے زیادہ تر علاقے سموگ /شدید د ھند کی لپیٹ میں رہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ بارش کالام میں 55، دیر (بالائی 46، لوئر 6)، پٹن 18، چترال، پاراچنار 8، میرکھانی 6، دروش 5، مالم جبہ 3، پشاور (سٹی، ائیرپورٹ)، بنوں 2، بالاکوٹ اور سیدو شریف ایک، بارخان 3 اور استور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے اعدادوشمار کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 4 اور کالام میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔