خواتین پر ہر قسم کے تشدد کا خاتمہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے،مخدوم سید احمد محمود

پیر 25 نومبر 2024 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ خواتین پر ہر قسم کے تشدد کا خاتمہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ان کے وقار کی بحالی کے لیے مزید ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

مخدوم احمد محمود نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد نہ صرف ایک انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کی تشکیل میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے جامع قانون سازی، سماجی اور ثقافتی اصلاحات اور موثر نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صنفی مساوات اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کی داعی رہی ہے اور ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے جہاں خواتین خوف، تفریق اور تشدد سے آزاد ہو کر زندگی گزار سکیں۔